کتب خانہLibrary

← مولانا عبید الرحمن شاہ جہاں پوری کی کتاب پر تقریظ

مولانا عبید الرحمن شاہ جہاں پوری کی کتاب پر تقریظ.docxڈاؤن لوڈ

امین اشعر بھائی۔ میں نے بہت دن پہلے مولانا عبیدالرحمٰن شاہ جہاں پوری کی کتاب پر تقریض آپ کو بھیج دی تھی۔ تعجب ہے کہ نہیں ملی۔ دوبارہ بھیج رہا ہوں۔

مولانا عبیدالرحمٰن شاہ جہاں پوری جید بریلوی علما میں شامل ہیں اور تحریک لبیک یارسول اللہ کی شوریٰ کے رکن ہیں۔ ایک مدت سے خدمت دین کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ حالیہ کتاب اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ غلبہ دین کی جدوجہد میں بریلوی علما کا ایک اہم کردار ہے۔ عوام کو وہی اس جدوجہد میں شریک کر سکتے ہیں۔

احمد رضا کے فیض کا در ہے کھلا ہوا

ہے قادری فقیروں کا جھنڈا گڑا ہوا

عالمگیریت کے پھیلاؤ کے نتیجہ میں مسلم ممالک سے دیارِکفر کی طرف نقل مکانی کا رجحان عام ہے اوریہ کتاب اسی سیل رواں کو روکنے کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس قسم کی نقل مکانی کو روکنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کے مضمرات شرع مطہرہ کی روشنی میں کتاب میں اچھی طرح واضح کر دیے گئے ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کتاب میں شامل مباحث کی تلخیص عام فہم زبان میں مرتب کی جائے اور ان حلقوں میں پھیلائی جائے جو دیارِ کفر کی طرف ہجرت کا شوق رکھتے ہیں لیکن دینی شعائر کو اپنائے ہوئے ہیں۔ یہ لمز، آغاخان یونیورسٹی اور سرکاری یونیورسٹیوں کے وہ طلبہ ہیں جو اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعیت طلبہ اسلام سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ مدارس بھی ان مباحث کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے بنیادی مخاطبین جمعیت طلبہ عربیہ سے متعلق طلبہ اور اساتذہ ہیں۔

کتاب کا اگر انگریزی میں ترجمہ کر دیا جائے تو بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ کتاب کی تلخیص اور انگریزی ترجمہ میں اکابر اولیاء کے ارشادات کو اختصار سے بیان کرنے کی ضرورت ہے اور احادیث پر بحث کو مرکوز کرنے کی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مخاطب طلبہ ارشاداتِ اولیا سے نامانوس ہیں۔

کتاب ماڈرن ازم کے خلاف بہترین مواد فراہم کرتی ہے اور تصور ہیومن، ہیومن رائٹس اور سیکولرازم کی غیر جوازیت بخوبی واضح کرتی ہے۔ ریشنل ازم کی بحث نامکمل ہے۔ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ریشنل ازم عقل کو نفس امارہ کا آلہ کار بنانے کا ذریعہ ہے۔ ریشنل ازم کو عقلیت نہیں کہا جا سکتا وہ جاہلیت خالصہ ہے۔

فقہ الاقلیات پر نقد نہایت جامع اور مفصل ہے اور اس فاسد نظریہ کی حقیقت کو بخوبی عیاں کیا گیا ہے لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس کو تخلیق کرنے والے (یوسف القرضاوی اور نجات اللہ صدیقی) امریکی سامراجی حکومت کے تنخواہ دار ملازم ہیں اور یہ خبیث فقہ اسلام پر سرمایہ دارانہ سامراجی یلغار کا ایک جزو ہے۔

کتاب میں دیارِ کفر میں نقل مکانی کے ضمن میں چند دیوبندی اور اہل حدیث علما کے فتاویٰ کا نقد بھی موجود ہے۔ ان راسخ العقیدہ علما کے فتاویٰ کی مصنف کی بحث سے تطبیق کی کوشش کی جاتی تو بہتر ہوتا۔ اتحاد امت کے لیے ضروری ہے کہ راسخ العقیدہ علما مختلف مکاتب فکر ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بات اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ ملک میں اس کے فطری حلیف دیوبندی، اہل حدیث اور شیعہ علما ہی ہیں۔

میں صرف ناظرہ قرآن مجید پڑھے ہوا ہوں لہٰذا کتاب میں شامل علمی مواد کا کوئی تجزیہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا لیکن مجھ جیسے عامی کی رائے میں کتاب میں شامل بحث نہایت پراثر اور مدلل ہے۔ اور امید کی جاسکتی ہے کہ س کے مطالعہ سے وہ فائدہ اٹھائیں گے جو دین سے محبت رکھتے ہیں لیکن دیارِ کفر کی طرف نقل مکانی کرنے کی جستجو کر رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ محترم مصنف کو جزائے خیر دے اور ان کی کاوش کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ جاوید اکبر انصاری

ڈاکٹر امین کے لیے

محترم استاد السلام علیکم

دست بستہ گزارش ہے کہ ”ادارہ تحریر“ میں پروفیسر محمد حسین کا نام میرے نام کے نیچے نہ لکھیں۔ وہ بھی میرے (غائبانہ) استاد ہیں۔ سابقہ شماروں کی طرح ان کو نائب مدیر لکھیں یا ”ادارہ تحریر“ میں سب سے پہلا نام انہی کا ہو۔

آپ کا خادم

جاوید اکبر انصاری