تحریک لبیک پر جاری ابتلا تمام اسلامی جماعتوں پر پابندی عائد کرنے کا پیش خیمہ ہے
ڈاکٹر جاوید اکبر انصاری
تحریک لبیک ملک کی مقبول ترین اسلامی جماعتوں میں شامل ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں اس کو تقریباً 23 لاکھ ووٹ ملے تھے۔ یہ کوئی انقلابی جماعت نہیں نہ اس کے کوئی نظاماتی عزائم ہیں۔ اس کی پوری سیاسی جدوجہدعوامی اسلامی جذباتیت کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ عسکری مزاحمتی تحاریک سے اس کا دور کا بھی واسطہ نہیں۔
تحریک لبیک مدت سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے اور ریاستی دہشت گردی کا یہ دائرہ وسعت پذیر ہے اور جلد یا بدیر تمام اسلامی جماعتوں کو اس شکنجہ میں کسنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہی سامراج کی خواہش اور اس کی باجگزار عمران خان کی حکومت کی حکمت عملی ہے۔
اسلامی جماعتوں کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ عمران خان کی حکومت مشرف کی حکومت کا تسلسل ہے۔ عمران خان پاکستان کا جمال عبدالناصر ہے جو اسلام کی ریاست کاری کا عزم رکھتا ہے۔ فی الحال اس حکمت عملی کے دو اظہار ہوئے ہیں۔ اسلامی تعلیمی نظام کی ریاستی تخریب کاری اور اسلامی سیاسی جذباتیت کے اظہار کو غیر قانونی قرار دینا۔
اسلامی جذباتیت کے سیاسی اظہار کے بغیر اسلامی جماعتیں نہ اپنا فطری حلقہ انتخاب(constituency) متحرک کر سکتی ہیں نہ عوام سے روابط استوار کر سکتی ہیں لہٰذااسلامی سیاسی جذباتیت کے اظہار کو غیر قانونی قرار دینے کا مقصد یہ ہے کہ تمام اسلامی جماعتوں کو یا تو جمہوری دستوری نظام سے بے دخل کر دیا جائے یاان پر دہری سیاسی ایجنڈا مسلط کیا جائے اور یوں ملکی سیاسی نظام سےاسلامی دعوت و شناخت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بے دخل کر دیا جائے۔
لہٰذا تحریک لبیک پر ریاستی دہشت گردانہ حملہ تمام اسلامی جماعتوں پر حملہ ہے۔ اگر یہ حملہ کامیاب ہو گیا تو دوسرا حملہ جمعیت علمائے اسلام پر ہو گا جو ملک کی ایک مضبوط اورمقبول عوام اسلامی جماعت ہے اور جس کو توڑنے کی سامراجی کوششیں ابھی تک بالکل ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
لہٰذا تمام اسلامی سیاسی اور غیر سیاسی جماعتوں کے لیے تحریک لبیک کی اس نازک وقت میں پشت پناہی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ اگر ہم نے اس موقع پر تحریک لبیک کو اکیلا چھوڑ دیا تو جلد یا بدیر تمام اسلامی جماعتیں دہریہ نظاماتی تسلط میں ضم کرجائیں گی۔
اس ماہ وزارت داخلہ کے چند دہریہ افسروں نے تحریک لبیک کی کالعدم قرار دینے کے خلاف درخواست حقارت سے رد کر دی ہے اور حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ عنقریب الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ تحریک لبیک کو انتخابی جماعتوں کی فہرست سے خارج کر دے۔ اپنی دروغ گوئی کی روایات کو قائم رکھتے ہوئے عمران خان کی دہریہ حکومت اپنے ان تمام وعدوں سے مکر گئی ہے جو اس نے گفت و شنید کے دوران تحریک لبیک سے کیے تھے۔ فرانس کے سفیر کے اخراج اور فرانس سے تعلقات کے انقطاع کا اب حکومت نام تک نہیں لیتی۔
تحریک لبیک اب عدالت میں جانے کی تیاری کرنے پر مجبور ہے۔ اس مقدمہ کی تیاری اور اس کی پیشوائی میں تمام اسلامی جماعتوں کو تحریک لبیک کا ساتھ دینا چاہیے۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ یہ اسلامی جماعتوں کو جمہوری عمل سے بے دخل کرنے کی ایک کوشش ہے جس کے نتیجہ میں اسلامی غیر جمہوری سیاسی جدوجہد میں اضافہ ہو گا جوموجودہ حالات میں ملکی سالمیت کے لیے لامحالہ خطرہ ثابت ہو گا۔
تحریک لبیک کی حمایت میں اسلامی جماعتوں کو جمع کرنے کی مہم جماعت اسلامی کو منظم کرنی چاہیے کیونکہ یہی ملک میں اسلامی اتحاد کی علم بردار بین المسلکی رابطہ کی جماعت اور ہر راسخ العقیدہ اسلامی جماعت کی ہم نوا اور ہمدرد اور خادم جماعت ہے۔
اتحاد اسلامی کی یہ مہم مندرجہ ذیل خطوط پر منظم کی جا سکتی ہے:
1۔ ہمارے امیر محترم سراج الحق فی الفور تمام اسلامی، سیاسی اور غیر سیاسی جماعتوں کو ایک ملک گیر کنونشن میں مدعو کریں۔ یہ کنونشن تحریک لبیک کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا جائزہ لے کر ایک عوامی عدالت کے انعقاد کا فیصلہ کرے۔
2۔ اس عوامی عدالت میں لاکھوں نفوس شریف ہوں اور اس میں تحریک لبیک اور حکومت کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔
3۔ مولانا فضل الرحمٰن سے استدعا کی جائے کہ وہ کوشش کریں کہ اس عوامی عدالت کی کارروائی کی مسلم لگ (ن)اور مسلم لیگ (ق) سے حمایت حاصل کریں۔
4۔ کنونشن کے اختتام پر ایک اعلیٰ سطحی وکلا بورڈ تشکیل دیا جائے جو اسلامی جماعتوں کی طرف سے تحریک لبیک کے مقدمہ میں چارہ جوئی کرے۔
5۔ مقدمہ تمام اسلامی جماعتیں لڑیں صرف تحریک لبیک نہیں۔
6۔ مقدمہ کے خاتمہ پر ملک گیر جمہوری اسلامی مزاحمت کی تیاری کی جائے۔
تحریک لبیک اقامت دین کی جدوجہد میں تعمیر کیے جانے والے قلعوں میں سے ایک قلعہ ہے۔ اس کے منہدم ہونے سے پوری تحریک اسلامی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ہم سب کا فرض ہے کہ اس قلعہ کی حفاظت کریں۔
جاوید اکبر انصاری
امین بھائی یہ مضمون جلد از جلد محترم سراج الحق اور محترم اسامہ بن رضوی کو بھیج دیں اور جسارت کو بھی۔