جماعت اسلامی اور بلدیاتی انتخابات۔۔۔۔امین اشعر
جماعت اسلامی پاکستان کا نصب العین اور اس کی تمام سعی و جہد کا مقصود عملاً اقامتِ دین (حکومت الٰہیہ یا اسلامی نظام زندگی کا قیام) اور حقیقتاً رضائے الٰہی اور فلاحِ اخروی کا حصول ہو گا۔ یہ جماعت اسلامی کا نصب العین جماعت اسلامی کے دستور میں درج ہے جو بہت واضح طور پر یہ بات سمجھانے کی کوشش کر رہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مقصد وجود اسلامی نظام زندگی کا قیام ہے اور اسلامی نظام زندگی ہم یعنی جماعت اسلامی کیوں قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ تمام مسلمان اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی اور آخرت میں کامیابی کو اپنا مقصد زندگی بنا لیں۔
جماعت اسلامی کو بحیثیت ایک اسلامی انقلابی جماعت اور کارکنان جماعت اسلامی کو بحیثیت ایک مسلمان اپنے تمام کاموں کو اپنے نصب العین سے موازنہ کرتے رہنا چاہیے تاکہ ہم اپنے نصب العین سے دور نہ ہو جائیں۔الیکشن میں حصہ لینا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمارے پاس نظام ریاست کی تبدیلی کا اس کے علاوہ کوئی دوسرا قابل عمل راستہ موجود نہیں اور ہم اسی نظام اور جمہوری عمل میں حصہ لے کر اسلامی نظام زندگی کا قیام عمل میں لانا چاہتے ہیں۔ اس جدوجہد کو اپنے نصب العین سے مستقل پرکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس بات کا اندیشہ موجود ہے کہ جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ہم اپنے مقصد سے دور ہوتے چلے جائیں، کیونکہ جمہوری جدوجہد عوام کو جذباتی نعروں اور دعووں کے ذریعہ متحرک کرنے کا دوسرا نام ہے۔ لادین جماعتیں عوام کو جھوٹے نعروں اور وعدوں سے متحرک کرتی ہیں جبکہ اسلامی جماعتیں یہ نہیں کر سکتیں، اصولاً اسلامی جماعتوں کو تمام اہل ایمان کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کر کے خالص مذہبی جذباتیت اور اسلام کے غلبہ کے جذبے سے متحرک کرنا چاہیے۔ اسی میں تمام خیر موجود ہے۔
ہم بحیثیت جماعت جب مروجہ الیکشن میں حصہ لیتے ہیں تو اس کا اصل مقصد اسلامی نظام زندگی کا قیام ہوتا ہے۔ ملک میں الیکشن تین سطحوں پر ہوتے ہیں، قومی، صوبائی اور بلدیاتی۔ قومی اور صوبائی الیکشن کے ذریعہ نظام ریاست کو کیسے چلایا جائے اس کے متعلق کیا قانون سازی کی جائے، سے متعلق ہوتے ہیں۔ ہر قومی اور صوبائی رکن اسمبلی کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اسمبلی میں زیر بحث قانون سازی میں حصہ لے اور اپنے نظریاتی تناظر میں ہر قانون سازی کو جانچتا اور پرکھتا رہے۔ یہ کوئی اسلامی طریقہ قانون سازی نہیں، اسلامی نظام ریاست میں عوامی نمایندے اجتہاد اور قانون سازی نہیں کرتے بلکہ وہ لوگ اجتہاد اور قانونی ترمیمات کرتے ہیں جو علوم اسلامی کے ماہر قرآن و حدیث اور فقہی علوم پر دسترس رکھتے ہیں۔
اصولاً ہمیں اس جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں اپنی جماعت اور دیگر اسلامی جماعتوں کو معاشرتی طور پر طاقت ور بنانے ہی کی حکمت عملی اپنانی چاہیے۔ ہمیں اس جمہوری جدوجہد کو اس طور پر منظم کرنا چاہیے کہ گلی محلہ اور بازار میں علوم اسلامی کی بنیاد پر معاشرتی فیصلوں کا نفاذ عمل میں آتا رہے جس کے نتیجے میں معاشرتی اقتدار مخلصین دین(جو لوگ مستقل نماز اور دیگرعبادات کو اہمیت دیتے ہیں) کے پاس مجتمع ہوتا چلا جائے۔
بلدیاتی انتخابات میں شرکت کے نتیجے میں ہم بنیادی طور پر اسلامی نظام زندگی کی جدوجہد کو کلی طور پر نظر انداز کرنے پر مجبور ہیں۔ بلدیاتی الیکشن بنیادی طور پر مروجہ سرمایہ دارانہ نظام کو گلی محلہ و بازار کی سطح پر نافذ کرنا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کی اصل روح حرص و حسد کا فروغ ہے۔ مقامی حکومتی نظام کے ذریعہ اصل مقصد مفادات کے حصول کی جدوجہد کو فروغ دینا ہوتا ہے کیونکہ اس کی پوری توجہ ذاتی مفادات کے حصول پر مرکوز ہوتی ہے۔ اس کے کرتا دھرتاؤں کو نہ ملکی خارجہ پالیسی سے کوئی سروکار ہوتا ہے نہ ملکی معاشی پالیسی سے نہ اسلامی اصول و ضوابط سے کوئی سروکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں کہیں بھی اور کبھی بھی مقامی الیکشن نظریاتی بنیادوں نہیں لڑے جاتے۔ یہ انتخابات اور ان کو جیتنے کی مہمات صرف اور صرف عوام کو ذاتی مفاداتی مطالبات منوانے کے وعدوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔
جو لوگ ان بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہوتے ہیں انہیں مجبوراً سرمایہ دارانہ ریاست کی انتظامیہ سے مستقل مفاداتی بنیاد پر رابطہ رکھنا ہوتا ہے اور اسی ادارتی نظام کے ذریعہ اپنے علاقہ کے عوام کے سرمایہ دارانہ مفادات کے حصول کی جدوجہد کرنا ہی ان کی کارکرگی کا مقصد ہوتا ہے اور وہ مجبور ہوتے ہیں کہ ان سے عوام کے سرمایہ دارانہ مفادات کے حصول کے لیے مصالحت کریں کسی بھی قسم کی مزاحمت کے نتیجے میں چاہے وہ ناموس رسالت جیسے عظیم المراتب کام کے حوالے سے ہی کیوں نہ ہو وہ منتخب نمایندے اس سے سہو نظر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اور ریاستی آلہ کار ہی کا کردار ادا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ کیونکہ عوامی مقبولیت کا حصول ان کی نظر میں صرف اور صرف اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ انہوں نے علاقے کے عوام کو کتنے زیادہ سرمایہ دارانہ مفادات کا حصول کروائے۔
جماعت اسلامی شہر کراچی پر دو دفعہ میئرشپ حاصل کر چکی ہے، دونوں دفعہ کوئی ایسا قابل ذکر کارنامہ نہیں کیا جس کے نتیجے میں کوئی اسلامی روایت، اسلامی معاشرت اور اسلامی حمیت کے فروغ کا کوئی پراجیکٹ کامیابی سے چلتا رہا ہو۔ ہمارے دونوں میئر محترم عبدالستار افغانی صاحب اور محترم نعمت اللہ خان صاحب انتہائی خدا ترس، جماعت اسلامی کے مخلص ترین بزرگ رہنما جن کی تعریف اس وقت کی حکومت، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشائی ڈویلپمنٹ بینک نے بھی کی کیونکہ عملاً ہمارے ان عظیم المرتب بزرگوں نے مروجہ سرمایہ دارانہ نظام کو انتہائی اخلاص اور دیانت داری سے چلایا تھا۔ ا ن بزرگوں کے پاس کوئی بھی ایسا ایجنڈا نہیں تھا جس کے ذریعہ اسلامی انفرادیت اسلامی معاشرت اور اسلامی نظام زندگی کے قیام کی طرف پیش رفت ہو سکتی، عوام کے جذبات اسلامی رنگ میں رنگ جاتے اور پورے شہر کا ووٹ بنک جماعت اسلامی بن کے رہ جاتا۔ افسوس تو یہ ہوا کہ محترم نعمت صاحب اور جماعت اسلامی کو اگلے الیکشن میں پورے شہر میں بری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اگلے بلدیاتی الیکشن کی تیاری بھی جماعت اسلامی بھرپور انداز میں لڑنے کی تیاری کر رہی ہے اور ابھی سے اپنے مالی وسائل کارکنوں اور ذمہ داران کا وقت بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں میں صرف ہو رہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں پانچ سیٹوں پر کامیابی کو بہت بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے جبکہ کنٹونمنٹ کے کونسلرز پوری طرح فوجی اسٹیبلشمنٹ کے زیر نگیں ہوتے ہیں اور انہی کے رحم و کر م پر تمام انتظام چلایا جاتا ہے۔
کراچی جماعت اسلامی حق دو کراچی کو مہم پچھلے کئی سالوں سے چلا رہی ہے اس کے نتیجہ میں امیر حلقہ محترم نعیم الرحمان کی شخصیت تو واضح ہوئی مگر اس کے نتیجہ میں جماعت اسلامی اپنے نصب العین یعنی اسلامی نظام زندگی کے قیام کی جدوجہد سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ امیر حلقہ کی یہ شخصیت کی مشہوری ان کی مذہبی شخصیت کا اظہار نہیں بلکہ کراچی شہر کی ہر چھوٹے بڑے مسئلہ پر عوامی موقف کا ببانگ دہل اظہار ہے اور اس کے لیے جان توڑ محنت کا ثمر ہے۔ کیا اس تمام جدوجہد کے نتیجے میں جماعت اسلامی کوئی نظام اسلامی قائم کر پائے گی۔ بہت واضح طور پر کہا جا سکتا ہے کہ نہیں بلکہ اس کافرانہ ظالمانہ نظام ریاست اور انتظامیہ میں اپنی توانائیاں اور کارکنان کی صلاحیتوں کو کھپانے کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہو گا۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی 2023ء کے آنے والے الیکشن کی تیاری انقلاب اسلامی کی اور اسلامی نظام زندگی کے نصب العین کے حصول کے تناظر میں کرے، جماعت اسلامی کی ہر سطح کی قیادت کو اس بات کو اچھی طرح ذہن نشین کرانے کی ضرورت ہے کہ ہم تنہا جماعت اسلامی کسی طور پر بھی قومی اور صوبائی الیکشن میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کر سکتے آج تک کے تجربات اس بات کی گواہی دیتے ہیں ۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پہلے آنے والے بلدیاتی الیکشن کی مہم کو تر ک کر دیں اور 2023ء کے انتخابات کی تیاری اس انداز سے کریں جس کے نتیجے میں ہم اپنے نصب العین اسلامی نظام زندگی کے قیام یعنی اسلامی انقلاب کی منزل سے قریب ہوتے چلے جائیں۔ اور مروجہ سرمایہ دارانہ نظام جس نے ظلم و ناانصافی اور مسلمانان پاکستان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اس سے چھٹکارا حاصل کریں۔
یعنی ہمیں 2023ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک ایسے اتحاد کی ضرورت ہے جو ہمارے نصب العین کے حصول کی راہ میں مددگار اور معاون ہو۔ امین اشعر