بلدیاتی انتخابات میں اسلامی انقلابی جماعتوں کو حصہ نہیں لینا چاہیے)چیک کرنا ہے)
ہم انتخابات میں حصہ نظام سرمایہ داری کے انہدام کے لیے لیتے ہیں۔ ہم سرمایہ دارانہ ریاستی عمل میں حصہ اس کے ساختی نظام میں ضم ہونےکے لیے نہیں اس ساختی نظام کے انتشار اور بربادی کے لیے اختیار کرتے ہیں۔
دیگر مخلصین دین کے برعکس ہمارا معاشرتی مقصد یہ ہے کہ ساختی ادارتی نظام کی تبدیلی کے بغیر ماہیتی تبدیلی معاشرہ میں عام نہیں ہو سکتی۔ لہٰذاہم ریاستی اقتدار کو سرمایہ دارانہ اشرافیہ کے ہاتھوں سے مخلصین دین کے ہاتھوں میں منتقل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہمیں بلدیاتی اداروں کے متبادل مقامی ادارتی صف بندی کی جدوجہد کرنی چاہیے تاکہ بلدیاتی نظام منتشر ہو جائے اور ائمہ مساجد محلہ اور بازار کی سطح پر اسلامی انقلابی خطوط پر منظم ہو جائیں۔ یہ کام بلدیاتی اداروں میں انتخابی بنیادوں پر نہیں کیا جاسکتا۔
بلدیاتی نظام کو فروغ دینا ورلڈ بینک کا وہ پراجیکٹ ہے جو اس نے ۹۸۹۱ ءمیں شروع کیا جس کا مقصد لاطینی امریکا کی سامراج مخالف قومی حکومتوں کو بے بس کرنا تھا۔ اس مہم کو لوکلائزیشن کہتے ہیں اور یہ گلوبلائزیشن کی تحریک سے پیوست تھی۔ اس مہم کا مقصد عالمی حرامخور مارکیٹوں کا اجارہ دارانہ تسلط شہری زندگی پر قائم کرنا تھا۔ چنانچہ پوری دنیا میں مقامی حکومتوں کے اختیارات میں اضافہ ہوا اور ان سب نےبڑے پیمانے پر عالمی تمسکات خریدے اور حرام خور اداروں سے قرضے لیے۔
مقامی حکومتی نظام لازماً سرمایہ دارانہ اقداری ماہیت )حرص و حسد( کو فروغ دینا ہے کیونکہ اس کی پوری توجہ سیاست ذیلی پر مرکوز ہوتی ہے۔ یہ خارجی پالیسی سے بحث کرتی ہے نہ ملکی اجتماعی معاشی پالیسی سے۔ ریاستی تزویراتی حکمت عملی کی ترتیا میں اس کاکوئی حصہ نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی الیکشن دنیا میں کہیں بھی کبھی بھی نظریاتی بنیادوں پر نہیں لڑے گئے۔ یہ انتخابات اور ان کی مہمات صرف اور صرف عوام کے سرمایہ دارانہ حقوق کے مطالبات کے اردگرد فروغ دیے جاتے ہیں۔
مقامی منتخب نمایندہ سرمایہ دارانہ انتظامیہ میں ضم ہو جاتے ہیں اور اسی ادارتی نظام کے ذریعہ اپنے علاقہ کے عوام کے سرمایہ دارانہ حقوق کی جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ چونکہ ان حقوق کے حصول کی جدوجہد نظریاتی نہ ہوتی ہے لہٰذا مقامی نمایندوں کا رویہ سرمایہ دارانہ ریاستی اشرافیہ کے ساتھ لازماً مصالحتی ہوتا ہے مزاحمتی نہیں۔ مقامی نمایندے سرمایہ دارانہ ریاستی آلہ کار بننے پر مجبور ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کی عوامی مقبولیت کا انحصار صرف اس بات پر ہوتا ہے کہ انہوں نے علاقہ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سرمایہ دارانہ حقوق دلوائے ہیں۔
ہمارا مقامی انتخابات میں شمولیت کا تجربہ نہایت چشم کشا رہا ہے ۔ دو مرتبہ کراچی میں ہمارے میئر منتخب ہوئے اور دونوں دورانیوں میں اسلامی نقطہ نگاہ سے بالکل ناکام ثابت ہوئیں۔ افغانی صاحب اور نعمت اللہ خاں صاحب کی تعریف حکومت وقت، آئی ایم ایف اور ولڈ بینک اور اے ڈی بی نے کی کیونکہ وہ سرمایہ دارانہ نظام کے مخلص ترین اور دیانت دار خادم ثابت ہوئے۔ اپنی میئر شپ کے دوران انہوں نے شہر میں اسلامی شعائر کے فروغ کی طرف توجہ نہ دی اور عوام کی روحانی اور مذہبی حالت میں کوئی تغیر نہ ہوا لہٰذا ان کی کاوشوں کے نتیجہ میں اسلامی جماعتوں کاووٹ بینک نہ بڑھ سکا اور مخلصین دین ویسے ہی لاچار اور مجبور رہے جیسے افغانی اور نعمت اللہ کی میئر شپ سے قبل تھے۔ یہ سب اس کے باوجود ہوا کہ افغانی اور نعمت اللہ نہایت مخلص، ایثار پیشہ اور دین دار بزرگ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگیاں دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ دونوں میئروں کو سرمایہ دارانہ اقداری ادارتی نظام نے اپنے اندر قید کر لیا تھا۔ آج محترم نعیم الرحمان یہ کر رہے ہیں۔ اول تو ”حق دو الرحمان صاحب ایک خالص سرمایہ دارانہ حقوق کی بنیاد پر مرتب ایجنڈے پر مقامی انتخابات لڑنے کی کراچی کو“ کے سترہ مطالبات پیش کیے جا رہے ہیں ان میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں کہ وہ مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں ہو۔ لہٰذا اگر ان مطالبات کی بنیاد پر الیکشن لڑا گیا تو ہمارے منتخب نمایندے اپنی کارکردگی کے لحاظ سے لازماً ناکام ہوں گے۔
اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ہمارے کامیاب مقامی نمایندے عوامی کی توقعات پر پورے اترنے کے لیے سرمایہ دارانہ اقتداری نظام کے آلہ کار بننے پر مجبور ہو جائیں گے اور اگر وہ ائمہ مساجد بھی ہوئے تو بھی ان کا روحانی فیض عام نہ ہو سکے گا۔
ملک میں ہمارے افرادی اور وسائلی قوت نہایت محدود ہے اور اس محدود قوت کو اس طرح تابع کرنا کہ اپنے فعال ترین کارکنوں کو ایک عرصہ کے لیے سرمایہ دارانہ ادارتی خدمت گاری کے لیے سونپ دینا کہاں کی دانشمندی ہے۔
ہم اسلامی انقلابی ہیں۔ ہم سامراجی پراجیکٹ کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم مقامی حکومتی نظام کا انہدام چاہتے ہیں جو اس شمولیت کے ذریعہ ناممکن ہے کیونکہ مقامی حکومتی نظام کا دئرہ اختیار مقامی سرمایہ دارانہ حقوق کی فراہمی تک محدود ہے۔
ہمیں محلہ اور بازار کی سطح پر ائمہ مساجد کو اس طرح منظم اور متحرک کرنا ہے کہ مقامی حکومتی اداروں کا دائرہ اختیار محدود سے محدود تر ہوتاجائے اور عوام مخلصین دین کی قیادت میں اپنے روزمرہ کے مسائل حل کرنے میں اس طرح قابل ہو جائیں کہ اس سے ان کی اسلامی شناخت کااظہار فطرتاً ہونا ممکن ہوتا چلا جائے۔
ہم انقلابی جدوجہد کو اس طرح مرتب کریں گے کہ ریاستی اقتدارسرمایہ دارانہ اشرافیہ کے ہاتھوں سے نکل کر مخلصین دین کے ہاتھوں میں مرتکز ہو جائے۔ ہمیں اپنے کارکنوں کو سرمایہ دارانہ حقوق کا بھکاری نہیں بنانا ہے۔
جاوید اکبر انصاری__