کتب خانہLibrary

← انقلابی اور اصلاحٰ عمل کا تعلق

انقلابی اور اصلاحٰ عمل کا تعلق20122024.docxڈاؤن لوڈ

اسلامی انقلابی اور اصلاحی عمل کا تعلق

پاکستان میں اسلامی انقلابی عمل برپا نہ کیا جا سکا۔ یہ اس کے باوجود کہ یہاں ایسے افراد اور جماعتیں موجودرہی ہیں جو اصولاً اسلامی انقلابی نظریات کو قبول کرتے ہیں اور ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ نظریہ کو عملی جامع پہنانے کی ناکامی کے اسباب کی نشان دہی ان لوگوں کے لیے ضروری ہے جو نظریہ کو عمل میں ڈھالنے کے خواہش مند ہیں۔ اس مضمون میں میں ملک میں انقلابی عمل کی ناپیدگی کی وجوہات بیان کر کے ایک ایسی ممکنہ حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کروں گا جس کو اپنا کرملک میں اسلامی انقلابی عمل جاری کیا جا سکتا ہے۔

انقلابی عمل کیا ہے

انقلابی عمل اس جدوجہد کو کہتے ہیں جو نظم اجتماعی (پبلک آرڈر) کی اقتداری ترتیب نو کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ یعنی انقلابی جدوجہد ایک ایسا دیرپا عمل ہے جو انقلابی واقعہ پر منتج ہوتا ہے۔ انقلابی واقعہ سے مراد وہ واقعہ ہے جس کے رونما ہونے سے انقلابی نظم اجتماعی میں غالب آ جاتے ہیں۔ لیکن حصول اقتدار کے بعد بھی نظم اجتماعی کی ترتیب نو کا عمل جاری رہتا ہے۔ لہٰذا انقلابی عمل محض انقلابی واقعہ کاپیش خیمہ نہیں ہوتا۔ وہ انقلابی واقعہ کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔ جیسا کہ آج ایران اور افغانستان میں جاری ہے۔

انقلابی عمل سرمایہ دارانہ نظامتی تناظر میں برپا کیے جاتے ہیں اور ان میں سے بیش تر سرمایہ دارانہ اقتداری تنظیم نو پر منتج ہوتے ہیں۔ سوویت یونین اور چین اور کیوبا اور وینزویلا میں رونما ہونے والے انقلابات سرمایہ دارانہ انقلاب تھے کیونکہ انہوں نے سرمایہ دارانہ نظاماتی اقدار (آزادی، مساوات اور ترقی) کو رد نہیں کیا بلکہ نجی سرمایہ دارانہ تغلب کو اجتماعی سرمایہ دارانہ تغلب سے بدل کر آزادی، مساوات اور ترقی کے حصول کی جدوجہد جاری رکھی۔ اسی طرح مشرقی یورپ کے ممالک میں 1969 تا 1991 کے دوران جو انقلابات برپا ہوئے (اور یوکرائن اور جارجیا میں آج جو انقلابی جدوجہد جاری ہے) وہ بھی سرمایہ دارانہ انقلابات ہیں کیونکہ ان میں بھی اجتماعی نظم اقتدار کو نجی نظم اقتدار کے تبدل کا مقصد سرمایہ دارانہ اہداف (آزادی، مساوات اور ترقی) کا حصول اور فروغ ہے۔

اسلامی انقلابات بھی سرمایہ دارانہ نظامی تناظر میں برپا کیے جاتے ہیں لیکن ان کا مقصد سرمایہ دارانہ نظم اقتدار کی ترتیب نو نہیں اس کی تسخیر ہوتا ہے۔ وہ سرمایہ دارانہ اقدار (آزادی، مساوات اور ترقی) کو رد کرتے ہیں اور جمہوری نظم اقتدار کی جگہ امارتی/سلطنتی نظام اور اقتدار قائم کر نے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

اسلامی انقلاب کا تصور اور اسلامی انقلابی عمل کی کارفرمائی سرمایہ دارانہ دور سے مختص ہیں۔ سامراجی غلبہ سے پہلے یعنی انیسویں صدی سے قبل اسلامی ریاستیں قائم تھیں۔ اجتماعی فیصلے شرع مطہرہ اور علو م اسلامی کی روشنی میں مرتب کیے جاتے تھے۔ سلطان ظل اللہ ہوتا تھا۔ معاشرت غیر جمہوری خطوط پر منظم تھی۔ اس نظام کے تبدل کی کوشش کی ضرورت نہ تھی اور اسے خروج اور بغاوت قرار دیا جاتا تھا۔ لہٰذا اسلامی تاریخ میں تصور انقلاب نامانوس اور اجنبی ہے۔

سامراجی غلبہ نے ریاست اسلامی کو منہدم کر دیا اور سرمایہ دارانہ نظام اقتدار مسلم معاشروں پر مسلط کر دیا۔ اسلامی انقلابی عمل ریاست اسلامی کے احیا کی جدوجہد ہے اور اس کی جوازیت سامراجی سرمایہ دارانہ تغلب سے مشروط ہے۔ آج ہمارے ملک میں سامراجی اقتداری تسلط کی تفہیم محدود ہے اور اس ہی وجہ سے اسلامی انقلابی جدوجہد کو اسلامی حلقوں میں شک و شبہ سے دیکھا جاتا ہے اور وہ لوگ جو اس کی نظریاتی اساس کو قبول کرتے ہیں وہ بھی اس نظریاتی وابستگی کو عملی جامہ نہیں پہنچا سکتے۔

ہمیں یہ بات اچھی طرح سے سمجھ لینی چاہیے کہ اسلامی انقلاب خروج نہیں ہے۔ خروج اسلامی ریاستوں کے خلاف عسکری جدوجہد کا نام ہے۔ اسلامی انقلاب دہریہ نظام کی تسخیر کے لیے برپا کیا جاتا ہے۔ یہ دہریہ ریاستیں مسلم اکثریتی ممالک میں سرمایہ دارانہ نظم اقتدار کو قائم اور کارفرما کرتی ہیں۔ سامراج کی باجگزار ہوتی ہیں اور ان کا نظم تحکم شریعت مطہرہ اور علوم اسلامی سے ماخوذ نہیں ہوتا۔ جن علاقوں میں سرمایہ کی گرفت مضبوط ہوتی ہے وہاں عموماً لبرل دستوری نظم تحکم کارفرما ہوتا ہے۔ ان ممالک میں اسلامی انقلابیوں کے لیے موقع ہوتا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظاماتی تضادات کو مہمیز دے کر ریاستی تحکمی عمل پر غلبہ حاصل کر لیں۔ استبدادی جمہوری ممالک میں اسلامی انقلابی عمل کو جاری رکھنے کے مواقع محدود ہوتے ہیں اور وہاں ریاستی غلبہ کے حصول کے لیے جہادی عسکری اقدامات ناگزیر ہو جاتے ہیں۔ عسکریت پر انحصار مرکزی لبرل جمہوریتوں کے تناظر میں عموماً نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتا۔ میری رائے میں پاکستان ایک دستوری لبرل سرمایہ دارانہ دہریہ ریاست ہے اور اس وجہ سے میں توقع رکھتا ہوں کہ یہاں اسلامی انقلابی جدوجہد زیادہ کارگر ثابت نہیں ہو گی۔

انقلابی عمل اقامت دین کا محض ایک جزو ہے۔ غلبہ دین کے حصول کا ایک طریقہ ہے۔ اس کا کل نہیں۔ انقلابی عمل کا گہرا تعلق اس اصلاحی جدوجہد سے ہے جو معاشرہ میں اسلامی انفرادیت کو فروغ دینے کے لیے جاری رہتی ہے۔ بلکہ یہ کہنا زیادہ درست ہو گا کہ اصلاحی عمل اسلامی انقلابی عمل کو بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اسلامی عمل معاشرہ میں تعلیم و تزکیہ اور تبلیغ کے ذریعہ جاری رہتا ہے۔ روایات اور اسلامی رسوم و رواج کا فروغ بھی اصلاحی عمل کو جاری رکھنے کا ایک اہم طریقہ ہے۔ تبلیغ، تزکیہ، رواج اور تعلیم کا عمل پھیلتا ہے ویسے ویسے معاشرہ اسلامی تہذیبی رنگ میں رنگتا چلا جاتا ہے اور اسلامی انفرادیت عام ہوتی جاتی ہے۔ اسلامی انقلابی جدوجہد کی کامیابی کے لیے اصلاحی عمل کی شرط اول ہے۔ ظاہر ہے کہ اسلامی انفرادیت اور معاشرت کی عدم موجودگی میں اسلامی انقلابی جدوجہد کوئی معنی نہیں رکھتا۔ ہم امریکا، چین، برازیل، یہاں تک کہ بوسنیا تک میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کا تصور نہیں کر سکتے۔ اسلامی انقلابی جدوجہد صرف ان ممالک میں نتیجہ خیز ثابت ہو سکتا ہے جہاں اصلاحی عمل کے ذریعے اسلامی انفرادیت اور معاشرت عام اور پھل پھول رہی ہو۔

پاکستان میں اسلامی انقلابی جدوجہد

پاکستان میں اصلاحی عمل عام اور کامیاب ہے۔ یہاں ایسے افراد کی کمی نہیں جو اپنی ذاتی زندگی میں شرع مطہرہ کے احکامات کی پابندی کرتے ہیں اور اسلامی معاشرت کو فروغ دے رہے ہیں۔ ایک محتاط اندازہ کے مطابق 2018 میں ایسے افراد کی تعداد دو اعشاریہ تین کروڑ یعنی ملک کی مجموعی آبادی کا 9 فیصد تھی۔ مسجدیں بھری ہوئی ہیں۔ مدارس ترقی کر رہے ہیں۔ فدایان ناموس رسالت کی کوئی کمی نہیں۔ عزاداری اور مولود شریف کے جلوس نہایت شان و شوکت سے نکالے جا رہے ہیں۔ خانقاہوں اور مزارات پر ہجوم ہے۔ اسلامی انقلابی جدوجہد کی اصلاحی بنیاد نہ صرف موجود ہے بلکہ دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے۔ اسلامی انقلابیوں کی بنیادی constituency دہریہ نظریاتی حریف (لبرل، قوم پرست، اشتراکی) سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔

پاکستان میں اسلامی انقلابی جدوجہد کی فکری بنیادیں مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ نے مرتب فرمائیں۔ آپ کے تین بنیادی اجتہادات اسلامی انقلابی فکر میں اساس کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ تین اجتہادات حسب ذیل ہیں:

1۔ اسلام ایک مکمل خود کفیل نظام حیات ہے۔

2۔ مغربی نظام زندگی یعنی سرمایہ داری جاہلیت خالصہ ہے۔

3۔ اقامت دین کی فرضیت کی ادائیگی کے لیے قیام ریاست اسلامی کی جدوجہد لازمی ہے۔

اسلامی انقلابی وہی ہے جو ان تینوں اجتہادات پر اعتقاد رکھتا ہو۔ وہ اسلامی ریاستی غلبہ کی کوشش اس لیے کرتا ہے کہ نظم اجتماعی کی خالصتاً اسلامی خطوط پر مرتب ہو اور مغربی دہریانہ تصوراتی آلائشوں سے آزاد ہو۔ وہ سامراج اور سرمایہ داری سے کسی تزویراتی سمجھوتے کے درپے نہیں ہوتا بلکہ سیاسی کشمکش کے ذریعے اس کی تسخیر کی جستجو کرتا ہے۔

لیکن مولانا مودودی نے ان تین اجتہادات کی جو عملی تشریح مرتب فرمائی (اور جس تشریح پر جماعت اسلامی پچھلے 77 سال سے کاربند رہی ہے) وہ اسلامی انقلابی عمل کے اجرا کے لیے مفید ثابت نہ ہو سکی اور جماعت اسلامی اپنی اصولی انقلابیت کا اظہار اسلامی انقلابی عمل کے ذریعے اپنی پوری تاریخ میں کبھی بھی نہ کر سکی اور نوبت یہاں آ پہنچی ہے کہ اسلامی انقلاب کا تصور اس کے سیاسی مکالمہ سے تقریباً بالکل غائب ہو گیا ہے۔

اپنے اجتہادات کی تشریح کے ضمن میں مولانا مودودی نے جو تزویراتی حکمت عملی اور بیانیہ مرتب فرمایا اس کی تین بنیادی کمزوریاں ہیں جن کو رفع کیے بغیر اسلامی اصلاحی فکر کو اسلامی انقلابی فکر میں نہیں ڈھالا جا سکتا۔

پہلی کمزوری آپ کی فکر کی معروضیت اورمثالیت ہے۔ یہ معروضیت (objectivism) اور مثالیت (idealism) آپ کی فکر کو غیر تاریخی (ahistoric) بنا دیتی ہے۔ آپ نصوص صحیحہ کی روشنی میں جو اصول اخذ فرماتے ہیں ان کے تاریخی اطلاق کی نوعیت پر غور نہیں فرماتے۔ آپ سیاسی عمل کی معاشرتی تقدیم پر اصرار فرماتے ہیں کہ یہ تقدیم سرمایہ دارانہ سامراجی غلبہ کےدور سے مشروط ہے۔ جب اسلامی ریاستی تحکم مضبوط اور مستحکم ہو تو اسلامی انقلابی عمل کی ضرورت معدوم ہو جاتی ہے۔ آپ کو اس خاموشی نے علما برصغیر کی صفوں میں یہ شبہ عام کر دیا کہ آپ اسلام کی کوئی نئی ”سیاسی تعبیر“ مرتب فرما رہے ہیں۔ جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ مولانا مودودی ایک راسخ العقیدہ متکلم اسلام اور ائمہ جہاد (حضرت خیر آبادی، حضرت مہاجر مکی، حضرت اسیر مالٹا) کے وارث ہیں اور آپ نے علما اور مسلم عوام کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ دہریہ ریاستوں کو اسلامی ریاست تصور کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور سرمایہ دارانہ سامراجی دور میں ریاستی تغلب کے لیے جدوجہد کرنا فرض کفایہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے جسے مقتدرین ریاست ادا نہیں کر رہے۔ امام خمینیؒ نے فرمایا تھا کہ فرض اب فقہا پر لازم آتا ہے۔ مولانا مودودی نے اس فرض کی ادائیگی کے لیے جماعت اسلامی قائم کی۔

دوسری کمزوری آپ کی معاشرتی عمل سے عدم توجہی ہے۔ یہ عدم توجہی بھی آپ کی فکری غیر تاریخیت کا نتیجہ ہے۔ آپ کے یہاں معاشرتی تبدل کا کوئی تصور نہیں پایا جاتا اور معاشرتی تبدل کا عمل ریاستی تغیر سے جو تعلق ہے اس پر بالکل غور نہیں فرماتے۔ آپ صوفیائے کرام کی مساعی جلیلہ کو شک و شبہ سے دیکھتے ہیں اور برصغیر میں صوفیا اور سلاطین کے باہمی ربط و تعلق کی بنیاد پر جو اسلامی معاشرت قائم ہوئی اور جس کے نتیجہ میں کروڑوں ہندو مسلمان ہوئے اور ہوتے جا رہے ہیں اس کی اہمیت کا ادراک آپ کی فکر میں موجود نہیں۔

اور یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی کسی معاشرتی ادارتی صف بندی کی اسکیم وضع نہ کر سکی اور ریاستی تغیراتی عمل میں معاشرتی ادارتی صف بندی جو کردار ادا کر سکتی ہے اس سے قطعاً ناواقف رہی ہے۔ جماعت اسلامی ہمارے روایتی اسلامی معاشرتی صف بندیوں (قبائل اور برادریوں) سے دور ہوتی جا رہی ہے اور ”حق دو کراچی کو“ اور ”بنو قابل“ جیسی تحریکوں کو برپا کرکے پاکستانی معاشرت کی سرمایہ دارانہ ترتیب کو فروغ دے کر خود بھی ماڈرنائز ہوتی جا رہی ہے۔

تیسری کمزوری مولانا مودودیؒ کی فکر کی اس میں پایا جانے والا جمہوریت کا غیر حقیقت پسندانہ تصور ہے۔ مولانا مودودیؒ حکومت اور ریاست میں فرق نہیں کرتے۔ حکومت سرمایہ دارانہ نظام کی محض علامتی سربراہ ہوتی ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام میں اقتدار منتخب اور غیر منتخب اجارہ داریوں (مقننہ، عدلیہ، انتظامیہ، فوج، کارپوریشنوں، میڈیا، دانش وروں کے جتھوں) میں تقسیم ہوتا ہے۔ پھر ایک سامراجی سرمایہ دارانہ باجگزار ملک پر بیرونی قوتیں (سامراجی حکومتیں ،ملٹی نیشنل کارپوریشنیں، عالمی فنانشل مارکیٹ، بین الاقوامی ادارے) بھی تحکم نافذ کرتی رہتی ہیں۔ یہ تمام قوتیں حکومت کی قوت نافذہ کی تحدید کرتی رہتی ہیں۔ ان حالات میں ایک اسلامی حکومت کا قیام اسلامی ریاست کے قیام کا ہم معنی نہیں قرار دیا جا سکتا۔ غیر حکومتی قوتوں کو ریاستی گرفت کو کمزور کرنے کا کوئی تصور مولانا مودودی کی فکر میں نہیں پایا جاتا اور جماعت اسلامی نے جب بھی حکومت میں شمولیت اختیار کی (99 – 1998، 08 – 2002) اس نے ان غیر حکومتی قوتوں کو ریاستی گرفت کو کمزور کرنے کا تصور تک نہیں کیا جبکہ پاکستان میں تو یہ غیر حکومتی ریاستی نظام میں نہایت طاقت ور ہیں۔

مولانا مودودیؒ نے انقلابی عمل کو جمہوری قالب میں ڈھالا اور پاکستان کے معروضی حالات میں یہ ایک درست فیصلہ تھا کیونکہ تحریک پاکستان ایک جمہوری تحریک تھی اور اس کے نتیجہ میں جو عوامی تحرک ابھرا وہ جمہوری خطوط پر مرتب تھا اور ملک میں جو نظم تحکم مرتب ہوا اس نے غیر جمہوری ریاستی جدوجہد کے لیے کوئی علاقہ نہیں چھوڑا نہ غیر جمہوری جدوجہد کرنے والی قوت ملک میں موجود تھی۔ لیکن جمہوری عمل سے جو توقعات وابستہ کی گئیں اور جمہوری عمل میں شرکت کا جو طریقہ وضع کیا گیا وہ حقیقت پسندانہ تھا۔

یہ درست ہے کہ جمہوری اقتدار کی نظام کی پالیسیاں عوامی تائید کی محتاج ہوتی ہیں اورعوامی تائید کے حصول کے بغیر جمہوری اقتداری نظام مستحکم نہیں ہو سکتا لیکن دور حاضر میں عوامی ترجیحات کی ترتیب اور اظہار سرمایہ دارانہ نظم اجتماعی کے تناظر میں وضع کی جاتی ہے۔

تحریک پاکستان کوئی اسلامی تحریک نہ تھی۔ وہ ایک خالص مسلم قوم پرستانہ تحریک اورمسلم قوم پرستی ایک سرمایہ دارانہ نظریہ ہے لہٰذا اس تحریک کے معاونین اور متاثرین سرمایہ دارانہ عدل کے حصول کے طالب تھے۔ اقامت دین کے طالب نہ تھے۔ ہم نے یہ مفروض کرلیا کہ عوام غلبہ دین کے طالب ہیں اور جمہوری عمل میں شرکت اس ہی غیر حقیقت پسندانہ مفروضہ کی بنیاد پر کی۔ پھر ہم جمہوری ریاستی اداروں کو عوامی رائے کا مطیع اور ان اداروں کی سرمایہ دارانہ نظم اجتماعی کے آلہ کار ہونے کی حیثیت سے نظر انداز کر دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 1957 سے لے کر 2024 تک ہر انتخاب میں ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اور اس پیہم شکست کے نتیجہ میں جماعت اسلامی پر سرمایہ دارانہ ریاست نے قبضہ کر لیا۔ ہم غلبہ دین کو سرمایہ دارانہ حقوق کی فراہمی کا ذریعہ سمجھنے لگے اور تیزی سے ایک سوشل ڈیموکریٹ پریشر گروپ میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔ ہمارا احتجاجی اور انتخابی عمل سرمایہ دارانہ عدل کے حصول کا وسیلہ بنتا جا رہا ہے۔ اسلامی انقلاب کا تصور ہمارے لیے اجنبی ہو گیا ہے اور ہماری جماعت تیزی سے لبرلائز اور ماڈرنائز ہوتی جا رہی ہے۔ ہماری معاشرتی جڑیں کھوکھلی ہوتی رہی ہیں اور ہم اپنی بنیادی constituency سے کٹتے جا رہے ہیں۔

اصلاحی اور انقلابی عمل کا تعلق

برصغیر میں انیسویں صدی کی جہادی تحریکات (سید بادشاہ، جہاد 1857، صادق پوری سیدوں کی جدوجہد ، تحریک ریشمی رومال وغیرہ) کی پسپائی کے بعد سے غلبہ دین کی جدوجہد معطل ہو گئی ہے۔ اس کے بعد سے برصغیر کے علما اور صوفیا نے اس پسپائی کو دائمی تصور کر لیا۔ وہ اسلامی ریاست کے سقوط کو ناقابل تبدیل حقیقت سمجھنے لگے اور انہوں نے اپنی توجہ کو علوم اسلامی اور اسلامی معاشرت کے تحفظ تک محدود کر لیا اور تحریک استخلاص وطن اور تحریک پاکستان کے ذریعے قوم پرست ریاستی جدوجہد کی اسلامی تشریح اور جوازیت مرتب کی جانے لگی۔

اس رویہ کے اختیار کرنے کے نتیجہ میں اسلامی معاشرت نے علمیت اور روحانیت تو کسی نہ کسی حد تک محض خارجی لیکن اسلامی نظم اقتدار یعنی ریاست مبہم اور غیر معروف ہو گیا۔ پاکستان کی خالص دہریہ سرمایہ دارانہ سامراجی باجگزار ریاست کو ہم اسلامی ریاست کہنے لگے کیونکہ اس کے دستور (جو 1935 کے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ کا چربہ ہے) علامتی قرار داد مقاصد شامل کر لی گئی۔

نتیجہ یہ ہوا کہ علما اور صوفیا کے متوسلین اور متاثرین (جن کی تعداد ملک کی آبادی کا نو یا دس فیصد تک محدود ہے) میں بھی غلبہ دین (یعنی قیام اقدار اسلامی) کا تصور اجنبی ہو گیا۔ وہ دینی احکام کی پابندی کو اپنی ذاتی زندگی کے دائرہ تک محدود کرنے پر مطمئن ہو گئے اور ان کا ریاستی عمل دہریہ گروہوں سے مختلف نہ رہا۔ عوام الناس کی طرح مخلصین دین بھی اپنی نظاماتی بےبسی اور لاچارگی پر مطمئن ہو گئے اور نظم اجتماعی کے تناظر کے تماش بین کا کردار ادا کرنے لگے۔ اقتداری نظاماتی گرفت اسلامی معاشرت اور انفرادیت پر مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔

تحفظ دین کا کام غلبہ دین کی جدوجہد سے منسلک ہے۔ برصغیر کی اسلامی تاریخ سے ثابت ہے کہ اسلامی ریاست کی پشت پناہی کے بغیر اصلاحی جدوجہد پھل پھول نہیں سکتی۔

عصا نہ ہو تو کلیمی ہے کار بے بنیاد

ہمیں مسلمانوں کی اس سوچ کو بدلنا ہے کہ وہ دائمی طور پر بے کس اور لاچار رہیں گے اور ان پر سرمایہ دارانہ تحکم ہمیشہ مسلط رہے گا۔ سوچ کی تبدیلی اس بات پر منحصر ہے کہ اسلامی انقلابی جدوجہد کی معاشرتی بنیاد مستحکم ، منظم اور متحرک کی جائے۔ سوچ میں تبدیلی لانے کی بنیادی ذمہ داری اسلامی انقلابیوں پر ہی عائد ہوتی ہے۔ لیکن مخلصین دین کو متحد اور منظم کرنے کی ذمہ داری مصلحین ہی کی ہے۔ لہٰذا اسلامی انقلابی عمل کو موثر بنانے کے لیے لازم ہے کہ انقلابی فکر اور عمل کو اصلاحی فکراور عمل سے مربوط کیا جائے۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی انقلابی جدوجہد کے تین بنیادی استدلال

1۔ اسلام ایک مکمل اور خود کفیل نظم حیات ہے۔

2۔ مغربی نظام زندگی یعنی سرمایہ داری جاہلیت خالصہ ہے۔

3۔ دورحاضر میں فریضہ اقامت دین ریاستی تسخیری عمل کے بغیر ادا نہیں کیا جا سکتا۔

یہ مصلحین کی صفوں میں معقول اور معتبر اور مقبول تصور کیے جانے لگیں یعنی مصلحین کی اس غلط فہمی کو دور کرنا یہ تو مولانا مودودی کسی سیاسی اسلام کے داعی تھے۔ یہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ مولانا مودودی کی فکر کو ائمہ جہاد بالخصوص حضرت خیر آبادی اور مہاجر مکی رحمہما اللہ ۔ یہ کام مولانا مودودیؒ نے خود نہیں کیا۔ (یہاں تک کہ آپ کی کتاب الجہاد فی الاسلام میں بھی ان ائمہ جہاد کی فکر کا تجزیہ نہیں ملتا)۔ اس کوتاہی کا اصل سبب مولانا مودودی کی فکر کی معروضیت اور غیر تاریخیت ہے۔ اگر یہ کام جماعت اسلامی سے وابستہ علما کر لیں تو مصلحین کے لیے مولانا مودودی کی فکر اجنبی نہ رہے گی اور مولانا مودودی کی فکر برصغیر کے اسلامی علمیت کے مرکزی دھارے میں بآسانی سموئی جا سکتی ہے۔

مولانا مودودیؒ کی فکر کو مصلحین کے لیے مانوس اور معتبر بنانا اتحاد اسلامی کو فروغ دے سکتا ہے کیونکہ اس سے ثابت کیا جا سکتا ہے کہ اسلامی انقلابی علمائے کرام اور صوفیائے عظام کے خادم ہیں۔ ان کے حریف نہیں۔ اسلامی اتحاد کا عملی اظہار مخلصین دین کی معاشرتی صف بندی میں کیا جا سکتا ہے۔ انقلابی عمل کو جاری رکھنے کے لیے ملک بھر کے دو کروڑ مخلصین دین کو بین المسالک مساجد کے تحت اور ائمہ مساجد کی قیادت میں منظم اور متحرک کیا جا سکتا ہے۔ یہ بین المسالک اوقاف دعوت اور تزکیہ کا فریضہ بھی انجام دیں گے۔ اور ان کے ذریعہ محلہ اور بازار کی سطح پر مخصلین دین کا تحکم بھی قائم کیا جا ئے گا۔ یعنی یہ مقامی سطح عدلیہ اور انتظامیہ کے فرائض ادا کریں گے اور لوکل گورنمنٹ کا متبادل اسلامی ادارتی ڈھانچہ ابھر آئے گا۔ ہم یوں سرمایہ دارانہ نظم اقتدار کو کمزور کرکے ایک ریاست درون ریاست قائم کرتے چلے جائیں گے۔ یہ کام حزب اللہ کی جماعت نے جنوبی لبنان میں کر کے دکھا دیا ہے۔

ہم احتجاجی اور اور انتخابی عمل کو اسلامی انقلابی خطوط پر مرتب کریں گے۔ اس احتجاجی اور انتخابی عمل کا مقصد سرمایہ دارانہ عدل کا قیام اور سرمایہ دارانہ حقوق کی فراہمی نہ ہو۔ بلکہ اس کا مقصد ہو گا کہ سرمایہ دارانہ ریاستی گرفت معاشرہ پر کمزور ہو اور ہمارے قائم کردہ ملک گیر وفاق بین المسالک مسجد کے دائرہ اختیار میں توسیع ہوتی چلی جائے تاکہ ریاستی اقتدار بتدریج سرمایہ دارانہ اداروں (انتظامیہ، عدلیہ، میڈیا، کارپوریشنوں اور مقننہ) سے مخلصین دین کے ہاتھوں میں منتقل ہوتی چلی جائے۔ عوام مخلصین دین کی قیادت میں منظم اور متحرک ہوں اور اصلاحی عمل کے پھیلنے سے مخلصین دین کی صفوں میں مستقل اضافہ ہوتا رہے۔

پاکستانی ریاست فی الاصل ایک سامراجی تعمیر اور ماتحتی اکائی ہے۔ یہاں ریاست درون ریاست کے قیام یعنی اقتدار کا ریاستی اشرافیہ سے مخلصین دین کی طرف منتقلی کا عمل سرمایہ دارانہ سامراجی روابط کی تسخیری کا عمل ہے۔ لہٰذا لازماً ہماری احتجاجی اور انتخابی عمل سامراج اور سامراج نواز پالیسیوں کی مخالفت بھی ہو گا اور معاشرتی سطح پر بھی سامراجی گھس بیٹھیوں این جی اوز، بینکوں، فرنچائزوں کی معطلی ہماری انقلابی جدوجہد کا ہدف ہو گا۔

آج پاکستان میں اسلامی انقلابی فکر اور اس کے حاملین موجود ہیں لیکن جو جماعت اسلامی انقلابی جدوجہد برپا کرنے کی اصولاً دعوے دار ہے۔ وہ عملاً ایک سوشل ڈیموکریٹ پریشر گروپ بنتی جا رہی ہے۔ اس روش کو بدلے بغیر اصلاحی انقلابی فکر کو اسلامی انقلابی میں ڈھالنا ناممکن ہے۔ ہم اس جماعت کو اس روش کو بدلنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

جاوید اکبر انصاری