انقلابیوں کی تنہائی اور اس کو رفع کرنے کا طریقہ کار
انقلابی تنہائی : برصغیر کی تمام اسلامی تحریکات پسپا ہوئی ہیں ۔یہ بات جہاد ۱۸۵۷ء ، سید بادشاہ کی تحریک ، مجاہدین صادق پوری سیدوں کی جدوجہد ، حاجی شریعت اللہ کی فرائضی تحریک ،حضرت اسیرمالٹا کی تحریک ریشمی رومال اور تحریک احرار سب کے بارے میں کہی جاسکتی ہے ۔
ان میں سے کسی بھی تحریک کا نہ جمہور علمائے ہند نے ساتھ دیا نہ مسلم عوام نے یہ سب معاشرتی تنہائی کا شکار رہیں اور ان کے معاونین ہمیشہ ایک قلیل اقلیت رہے دشمن ان تحریکات کو مسلم معاشرہ سے کاٹنے میں کامیاب ہوگیا لیکن اس معاشرتی تنہائی کو تقویت دینے والی قوتیں گہری تاریخی جڑیں رکھتی ہیں-
انقلاب اور اصلاح: متذکرہ بالا تمام تحریکیں انقلابی تھیں اور انقلاب کا تصور ہمارے تاریخی علمی تناظر میں اجنبی اور نامانوس ہے ۔انقلاب سے مراد وہ عمل ہے جو کلی نظاماتی تبدیلی کی جدوجہد کرے ۔استعمار کے غلبہ سے قبل ۱۲سوسال تک اسلامی نظام مستحکم اور ہمہ گیر رہا ہے ۔اس کی گرفت میں معاشرہ بھی تھا اور ریاست بھی ۔شرع نافذتھی اور علوم اسلامی کی روشنی میں ہی تمام اجتماعی فیصلے کئے جاتے تھے ۔
معاشرتی اور ریاستی عمل عموماً معیار مطلوبہ سے مطابقت نہ رکھتا تھا اور علماء اور صوفیاء کی تمام ترتوجہ عمل کی اصلاح پر تھی ،کلی نظاماتی تبدیلی کا تصور ان کے لئے اجنبی تھا کہ اس تاریخی تناظر میں انقلابی جدوجہد کوئی معنی نہیں رکھتی تھی ۔لہذا کوئی بھی راسخ العقیدہ جلیل القدر عالم یا صوفی انقلابی نہ تھا ۔
استعماری غلبہ نے یہ صورت یکسر تبدیل کردی ۔تنفیذ شریعت معطل کردی گئی (جوکہ تاتاری حکمرانوں نے بھی نہ کی تھی ) اور علوم اسلامی کو مدارس اور خانقاہوں میں مقید کردیا گیا ۔اسلامی سلطنتیں تباہ کردی گئیں ۔اب نظاماتی جدوجہد اہمیت اختیار کرگئی کیونکہ اسلام مغلوبیت کے تاریخی دور میں داخل ہوچکا تھا ۔
ہماری کمزوریاں: متذکرہ بالا تحریکوں کے انقلابی اس تاریخی تبدیلی کو پہچان گئے تھے ۔وہ جان گئے تھے کہ استعماری ریاستی غلبہ کلی نظاماتی تسخیر کا پہلا مرحلہ ہے، اب اصلاحی عمل پر اکتفاء کرنا کافی نہیں ہو گا اور ریاست اسلامی کے احیاء کی جدوجہد ناگزیر ہے لیکن وہ جمہورعلماء اور مسلم عوام کو اپنا ہمنوا نہ بنا سکے اس کی تین بنیادی وجوہات ہیں۔
۱۔نظریاتی عدم تطبیق : انقلابیوں کا بنیادی مؤقف یہ تھا (او رہے) کہ ریاست اسلامی کا قیام اور کارفرمائی تحفظ اور غلبہ دین کے لئے ناگزیر ہے (یہ بات سب سے پہلے امام جہاد ۱۸۵۷ اہمارے آقا حضرت مولانا فضل الحق خیرآبادی شہید نے اپنے مشہور فتویٰ جہاد میں فرمائی تھی ) ریاست وہ حصار ہے جس کی عدم موجودگی میں اسلامی انفرادیت اور معاشرت لازماً سکٹرتی رہتی ہے، لہذا سامراجی غلبہ کے دور میں اصلاحی عمل کو انقلابی عمل کے تناظر میں ہی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔
لیکن انقلابی اپنے اس نظریہ کو برصغیر کی صدیوں سے رائنج شدہ اسلامی عملی اور روحانی روایات سے منطبق نہ کرسکے ۔انقلابیوں کا نظریاتی مؤقف جمہوری علماء اور مسلم عوام کے لئے بالکل اجنبی اور غیر مانوس رہا ۔حضرت شیخ المشائخ امداد اللہ مہاجر مکی ؒ کے علاوہ ایک بھی بزرگ کا نام نہیں لیاجاسکتا جس نے انقلابیوں اور مصلحین کی ان دوریوں کو پاٹنے کی منظم کوشش کی ہو ۔مصلحین کے اکابر قائدین تاریخ کے قیدی بنے رہے اور نظاماتی تغیر سے لاعلمی کا یہ عالم رہا کہ انگریز سامراج کو مغل سلطنت کے مماثل سمجھتے رہے ۔انگریز سرکاری کے افسروں اور ڈپٹی کمشنروں کا تھا نہ بھون اور رائے بریلی میں استعمال ہوتا رہا اور انگریز سامراج سے تعاون کےلئے مسلم اور ہندوستانی قوم پرستوں(کانگریس اور مسلم لیگ) کی پشت پناہی اختیار کی گئی ۔شعبہ جاتی اصلاح (تعلیمی ،دعوتی ،تطہیر نفس ) پر اکتفا کیا گیا اور مصلحین اس بات کو نظر انداز کرتے رہے کہ سامراجی ریاستی غلبہ مکمل نظاماتی تغیر کا پیش خیمہ ہے ۔
اس سب کی وجہ یہ تھی کہ انقلابی اپنا نظریاتی مکالمہ برصغیر کے رائج شدہ علمی اورروحانی روایات سے منطبق نہ کرسکے اور ان میں اور مصلحین میں تزویراتی روابط استوار نہ ہوسکے ۔
نظاماتی ناواقفیت : اس کی ایک وجہ انقلابیوں کی معاشراتی نظاماتی تغیر کے عمل سے ناواقفیت تھی ۔وہ نہیں جانتے تھے کہ سامراجی ریاست تغلب کس طرح ہمہ گیر نظاماتی تغیر تعمیر کررہا ہے ۔کس طرح سامراجی ریاست ایک مخصوص انفرادیت اور ایک مخصوص معاشرت کی پرورش کرکے اسلامی معاشرت اور انفرادیت کو بتدریج تحلیل کررہی ہے باالفاظ دیگر سرمایہ دارانہ سامراجیت کی کلیت TOTALITY سے ناواقف تھے ۔وہ سرمایہ دارانہ نظام اقتدار کی قوت اور اس کی کمزوریوں کا صحیح اندازہ نہیں لگاسکے اور جس تزویراتی حکمت عملی کے تحت اس پر حملہ آور ہوئے وہ ان معنوں میں یک جہتی (ONE DIMENTIONAL)تھی کہ سرمایہ کے معاشرہ اور علمیاتی تغلب کی جڑوں کو کھوکھلا نہ کرسکیں ۔انقلابی مصلحین کو یہ بات نہ سمجھا سکے کہ سامراجی ریاستی تغلب کس طرح اسلامی معاشرت اور علمیت میں درانداز ہوکر اسلامی انفرادیت کو تباہ کررہاہے ۔
معاشرتی عدم پیوستگی : چونکہ انقلابی جدوجہد یک جہتی ONE DIMENTIONALتھی لہذا انقلابی عمل کو معاشرتی سطح پر پیوست کرنے کی کوئی مربوط کوشش نہ کی گئی،مسلم معاشرتی صف بندیاں ،مساجد ،مدارس ،خانقاہیں ،زاویہ ،برادریاں،بازار ،انقلابی تنظیموں سے بالکل لاتعلق رہیں اور دھیرے دھیرے کچھ کم کچھ زیادہ سامراجی سرمایہ دارانہ نظام اقتدار سے پیوست ہوتی چلی گئیں اور حصول قوت اور اقتدار کی جدوجہد معاشرتی اور یاستی سطح پر جمہور علماء اور مسلم عوام کی نظروں میں ایک شجر ممنوعہ کی حیثیت اختیار کرگئی ۔یہی وہ سیاست سے مذہب کی علیحدگی کی تلقین ہے جس پر آج بھی ہماری سب سے بڑی عوامی مصلحین کی جماعتیں دعوت اسلامی اور تبلیغی جماعت اصرار کرتی ہیں۔
کرنے کا کام: برصغیر کی اسلامی تحریکیں پسپا ضرور ہوئیں ناکام نہیں ہوئیں ۔ان انقلابیوں کی مساعی جلیلہ کے نتیجہ میں اسلامی انقلابی جدوجہد برصغیر کی اسلامی تاریخ اور روایات کا ناقابل تسخیر حصہ بن گئی ہے ۔جماعت اسلامی اس ہی مقدس روایت کی وارث ہے ۔مولانا مودودیؒ کے دوکلیدی اجتہادات ۔اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے اور مغرب جاہلیت خالصہ ہے ، برصغیر ہی کے اسلامی انقلابی فکری دھارے سے برآمد ہوئے ہیں اور ان معنوں میں مولانا مودودیؒ ، حضرت خیر آبادیؒ ،مولانا محمودالحسن ؒاور حضرت امیر شریعت رحم اللہ اجمعین کے پیرؤ جانشین تھے ۔
کھلا پھر ہاتھ میں دیکھو مرے اسلاف کا پرچم
خدائے عزوجل کا احمد ؐ مختار کا پرچم
جماعت اسلامی کی حالیہ جدوجہد کی تاریخی جڑیں نہایت گہری اور مضوط ہیں ہم اپنی اس عظیم جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے ۔ہم مصلحین کی جماعتوں اور مخلصین دین سے قریب ترین نظریاتی اور تنظیمی روابط استوار کریں گے تاکہ وہ انقلابی اور اصلاحی جدوجہد کے ارتباطی عمل سے مانوس ہوجائیں اور جان جائیں کہ سامراجی سرمایہ دارانہ غلبہ کے دور میں تحفظ دین کے لئے غلبہ اسلام کی جدوجہد ضروری ہے ۔
گاہے گاہے مصلحین کی جماعتوں اور مخلصین دین کو اس بات کا احساس ہوتا رہتا ہے کہ سرمایہ دارانہ سامراجی غلبہ تحفظ دین کے لئے خطرات پیدا کررہاہے اور ان کے عوامی جتھے متحرک ہوکر اقتداری نظام کو چیلنج کرتے رہتے ہیں (اس کی بہترین مثال ۲۰۱۷ کی تحریک ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ہے ) ایسے موقعوں پر انقلابیوں کا مصلحین کی صفوں میں موجود رہنا اشد ضروری ہے ۔
مصلحین کی یہ تحریکیں انقلابی اور اصلاحی نظریات کے ارتباط عملی کو فروغ دینے کے نادر مواقع فراہم کرتی ہیں(یادرہے کہ یہ عمل ہمیشہ نظریاتی تبدل کا باعث بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ) -انقلابی، متحرک مصلحین کا دست وبازو بن کر ان کے محدود مطالباتی ایجنڈے کو بتدریج وسعت دینے کی ضرورت واضح کرسکتے ہیں ایسے موقعوں پر انقلابیوں کا مخلصین کی جدوجہد سے لاتعلق رہنا بدترین (IDEALISM) کے علاوہ کچھ نہیں ۔
مصلحین کی جماعتیں دہریہ مقتدرہ سے عموماً خیر کی توقع رکھتی ہیں ۔وہ سمجھتی ہیں کہ اس مقتدرہ سے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ایسے سمجھوتے کئے جاسکتے ہیں کہ جن کی بنیاد پر وہ اسلامی انفرادیت اور اسلامی معاشرت کو تحلیل کرنے کی اپنی مذموم مہم ترک یا موخر کرنے پر آمادہ کی جاسکتی ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سرمایہ دارانہ نظام کو بحیثیت ایک کلیت TOTALITY کے نہیں پہچانتے ۔وہ نہیں جانتے کہ غیر سرمایہ دارانہ انفرادیت ،علمیت اور معاشرت کو مسخر کرنا تنفیذ قانون سرمایہ کے لئے لازمی ہے اور تحدید تنفیذ قانون سرمایہ، عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے لئے کبھی قابل قبول نہیں ہوسکتا ہے لہذا ہر باجگزار سرمایہ دارانہ ریاست اسلامی علمیت ،انفرادیت اور معاشرت کو بتدریج منہدم کرنے پر مجبور ہے ۔
مصلحین کی مزاحمتی جدوجہد میں شرکت یہ موقع فراہم کرے گی کہ ان کو سرمایہ دارانہ مخالفت مہم کی طویل المدت نوعیت سے آگاہ کریں ۔چونکہ آج سرمایہ دارانہ نظام کا کو ئی بیرون(EXTERIOR) موجود نہیں لہذا اس کے انہدام کی جدوجہد لازماً اس کے اندرونی تضادات کو مہمیز دے کرہی چلائی جاسکتی ہے ۔مصلحین کی مزاحمتیں سرمایہ دارانہ نظاماتی تضادات کو مہمیز نہیں دیتی مثلاً مولانا فضل الرحمٰن دامت برکاتہم کی حالیہ مہم کا ہدف نئے انتخابات کا انعقاد ہے اگرہ وہ اس میں کامیاب بھی ہوئے تو اغلب گمان یہ ہے کہ دہریہ جماعتوں کی حکومت قائم ہوگی کیا یہ نئی حکومت سامراج کی باج گزاری اور اسلام دشمنی میں موجودہ حکومت کم مستعد ہوگی ؟ کیا یہ حکومت آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدہ کو منسوخ کریگی ؟کیا یہ کشمیری مجاہدین کی راہ میں ڈالی گئی رکاوٹیں ختم کردیگی؟کیا یہ ایجنسیوں سے محصورین کی دستیابی کو ممکن بناسکے گی؟کیا ریاستی نظام تعلیم پر سامراجی حملوں کا مقابلہ کریگی ؟کیا یہ فحاشی کے فروغ سے باز آئے گی ؟کیا یہ اسلامی بینکاری کے فراڈ کو تشت از بام کریگی ؟ کیا یہ حلال رزق کے فروغ پر لگائی گئی محصولیاتی اور انتقامی پابندیاں ختم کریگی ؟
ان سوالات کا جواب اس بات پر منحصر ہے کہ ہم دہریہ جماعتوں کو یہ سب کرنے پر مجبور کردیں ۔ان پر اسلامی تحریکات کا بڑھتا ہوا ایسا رعب طاری کریں کہ وہ اپنے اقتدار میں رہنے کے لئے یہ قیمت ادا کرنا ناگزیرتصورکرنے لگیں ۔دہریہ مقتدرین پرا س رعب کے قیام کے لئے نئے انتخابات کا انعقاد ضروری نہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ
- ۲۷اکتوبر کی مزاحمت ایک ایسی طویل المدت جدوجہد کا پیش خیمہ ہو جس کا مقصددہریہ مقتدرین پر اہل دین کا رعب طاری کرنا ہو۔
- مزاحمت کے مطالباتی ایجنڈے میں غالب رنگ اسلامی ہو انعقاد انتخابات کو ایک اسلامی حکومت کے قیام کے ذریعہ کے طورپر پیش کیا جائے جیسے کہ تحریک نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری دور میں پیش کیا گیا تھا ۔
- مزاحمت کا ثقافتی رنگ خالصتاً اسلامی ہو،مسلم قوم پرستانہ یا جمہوری نہ ہو۔باجماعت نماز کا ایسا اہتمام کیا جائے کہ کسی شریک مزاحمت کی غیر حاضری ناممکن ہوجائے ۔اگر ہم لاکھوں افراد پر مشتمل یومیہ پانچ نمازوں کا اہتمام کرسکے تو یہ مزاحمت کی کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت ہوگی ۔خطبہ جمعہ امیر جمعیت مولانا فضل الرحمٰن ازخود دیں ۔بنیادی حرکیاتی نعرہ (MOBILATORY SLOGAN) ”اللہ اکبر“ ہو۔
- مزاحمت کا اختتام کامیابی اور ناکامی دونوں صورتوں میں ہنگامی نہ ہوبلکہ آخری مرحلہ میں شرکائے مزاحمت میں سے زیادہ سے زیادہ افراد کو محلہ کی سطح پر مزاحمت کے اسلامی ایجنڈےکی تنفیذ کے لئے منظم کرنے کےلئے واضح یہ ہدایات دی جائیں ۔
انقلابی مصلحین کا شریک کار بن کر ان کو اس نوعیت کے لائحہ عمل کو اختیار کرنے پر راضی کرسکتے ہیں ۔
جاوید اکبر انصاری