کتب خانہLibrary

← اسلامی انقلاب ہی کیوں حصہ اول

اسلامی انقلاب ہی کیوں حصہ اول.docxڈاؤن لوڈ

اسلامی انقلاب ہی کیوں؟ (حصہ اول)

حافظہ گر تازہ خواہی داغ ہائے سینہ را

گاہے گاہے باز خواں ایں قصہ ہائے پارینہ را

مخلصین دین سوال کرتے ہیں کہ اخوان المسلمون، ایرانی علما، مجاہدین اسلام اور ہم انقلابی عمل کو جاری رکھنے پر کیوں اصرار کرتے ہیں۔

مخلصین دین کا عمومی موقف

انقلاب کا تصور تاریخ اسلامی میں اجنبی ہے اور علمائے سلف نے اسلامی حکومت کے خلاف خروج کو ناپسند فرمایا ہے۔ اسلامی انفرادیت کے استحکام اور پھیلاؤ کا واحد ذریعہ تعلیم، تلقین اور روحانی تربیت ہے اور جب اسلامی روحانیت اور اخلاقیات سوادِ اعظم کو اپنے دائرہ میں لے لے گی تو اسلامی معاشرت خود بخود ظہور میں آ جائے گی۔ موجودہ دور میں مسلم ممالک میں جو نظام اقتدار قائم ہے وہ اسلامی خلافت ہی کی ایک تشریح اور تسلسل ہے اور اس کی ادارتی ہیئت کو برقرار رکھتے ہوئے مقاصد شریعہ کا حصول ممکن ہے۔ لہٰذا اسلامی جدوجہد کو اصلاحی عمل تک محدود رہنا چاہیے۔

ہمارا موقف

ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ انقلاب کا تصور ہماری تاریخی روایات میں عام طور پر مستعمل نہیں لیکن علمائے سلف نےخصوصی حالات میں خروج کو جائز قرار دیا اور یہ خروج ایسی حکومتوں کے خلاف تھے جن کے سربراہ اور عمال مسلمان تھے۔ مثلاً امام عالی مقام حسینؓ کے خروج کو سیدنا عبداللہ بن عباسؓ اور سیدنا عبداللہ بن عمر نے جائز قرار دیا۔ نفس ذکیہ کے خروج کو امام ابوحنیفہؒ نے جائز قرار دیا۔ علاؤالدین خلجی کے خروج کو حضرت نظام الدین اولیاء نے جائز قرار دیا اور امام عالمگیر کے خروج کو خانوادہ مجددی نے جائز قرار دیا اور شاہ عبدالرحیم (شاہ ولی اللہ کے والد بزرگوار) ساری عمر امام عالمگیر کے حامی رہے۔ ان خروجوں کا نظری جواز سب سے زیادہ وضاحت کے ساتھ امام ابن خلدونؒ نے اپنی کتاب ’’مقدمہ‘‘ میں درج فرمایا ہے۔

ان ہی اکابرین کی اتباع کرتے ہوئے ہم کہتے ہیں کہ آج مسلم دنیا میں جو حکومتیں قائم ہیں ان کے خلاف خروج جائز ہے (فرض نہیں ہے) کسی معانی میں بھی یہ خلافت کا تسلسل نہیں۔ ہمارے سیاسی ائمہ (امام ماوردی، امام ابو یعلیٰ، امام شیبانی، امام ابن خلدون رحمہم اللہ اجمعین) نے کسی حکومت کا خلافت ہونے کی جو شرائط مرتب فرمائی ہیں ان میں سے کسی ایک پر بھی حکومتیں پوری نہیں اترتیں نہ ان میں احکام شرع نافذ ہیں نہ اجتماعی فیصلہ علوم اسلامی کے تناظر میں کیے جاتے ہیں نہ جہاد کا تسلسل موجود ہے اور کسی امام نے بھی یہ نہیں کہا کہ اگر ایک حکومت کا سربراہ مسلمان ہو تو وہ خلافت کے مماثل گردانی جائے گی۔

یہ مسلمانوں کی حکومتیں نہیں سامراج کی باجگزار حکومتیں ہیں۔ یہ خلافت کا تسلسل نہیں۔ امریکی، فرانسیسی، برطانوی، چینی سامراج کی چوکیا ں ہیں۔ ان کے فرماں روا سرمایہ دارانہ سامراج کے تنخواہ دار ملازم ہیں۔ یہ مسلمانوں کی حکومتیں نہیں۔ سرمایہ دارانہ سامراج کے مسلم نوکروں کی عمل داریاں ہیں جن کے ذریعہ وہ مسلم عوام اور خواص پر سرمایہ کی غیر مشروط غلامی مسلط کرتے رہتے ہیں۔

مخلصین دین نے یہ بات فراموش کر دی ہے کہ مسلم عوام و خواص کی مفروضہ آزادی سرمایہ کی غلامی کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ حقیقتاً مسلم عوام و خواص آزاد نہیں کہ وہ اپنا طرز حیات خود متعین کریں۔ وہ سب تحکم قانون سرمایہ کے اسیر ہیں ۔ وہ اقتدار میں شریک نہیں جمہوری عمل کے ذریعہ اقتدار سے محروم کر دیے جاتے رہتےہیں۔ اقتدار سے یہ محرومی مسلم عوام و خواص پر امریکا اور چین مسلط کرتے ہیں۔ اس کے تابع دار مسلم ملازمین امریکا اور چین کے احکام کی بجاآوری پر مجبور ہیں۔

ناحق ان مجبوروں پر تہمت ہے مختاری کی

ہمارا خروج بنیادی طور پر تحکم قانون سرمایہ کے خلاف ہے کیونکہ یہ نظام قانون دہریت کی ایک تشریح ہے جس کے ذریعہ انفرادیت کے اظہار کو محدود کیا جاتا ہے اور مذہبی انفرادیت کو سرمایہ دارانہ انفرادیت میں سمو دینے کی راہ اختیار کی جاتی ہے۔ عبدیت کے اظہار کے مواقع اس وقت تک محدود سے محدود تر ہوتے جائیں گے جب تک تحکم قانون سرمایہ کا دائرہ کار محدود نہ کیا جاتا رہے۔

تحکم قانون سرمایہ کو محدود کرنے کی جدوجہد کا ذریعہ مسلمان عوام اور خواص کے نظاماتی اقتدار میں اضافہ ہے تاکہ اسلامی انفرادیت کے اظہار کے مواقع پھیلتے جائیں۔ انہی معنوں میں انقلابی جدوجہد اصلاحی جدوجہد کا تسلسل ہے اگر انقلابی جدوجہد ترک کر دی جائے تو اسلامی انفرادیت کے اظہار کا دائرہ سکڑتا چلا جائے گا۔مسلمان خواص و عوام تحکم قانون سرمایہ کی تابعداری پر مجبور رہیں گے اور بتدریج اسلامی انفرادیت اور معاشرت کی جڑیں کھوکھلی ہوتی رہیں گی۔

اسی طرح یہ بھی درست ہے کہ اگر اصلاحی عمل جاری نہ رہا اور جو مواقع اسلامی انفرادیت کے اظہار کے آج موجود ہیں ان سے پورا پورا فائدہ نہ اٹھایا گیا تو اسلامی انقلابی عمل معاشرے میں اجنبی اور بے بنیادہوتا چلا جائے گا۔ اصلاحی اور انقلابی عمل دونوں اقامت دین کی جدوجہد کے ناگزیر جزو ہیں۔ یہ بات امام خمینیؒ نے نہایت وضاحت اپنے رسالہ ’’ولایت فقیہ‘‘ میں پیش کی ہے۔

لائحہ عمل

ان گزارشات کو سامنے رکھتے ہوئے مصلحین اور انقلابیوں کو تحریک اقامت دین کو کامیاب بنانے کے ضمن میں جو رویہ اختیار کرنا چاہیے اس کی نشان دہی کی کوشش کرتا ہوں۔

۱۔ ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ انقلابی اور اصلاحی عمل اقامت دین کے دو پہلو ہیں جن میں ادارتی اور تزویراتی توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

۲۔ اصلاحی عمل کا مقصد اسلامی انفرادیت کا فروغ اور انقلابی عمل کا مقصد اسلامی انفرادیت کے نظاماتی اقتدار میں توسیع ہے۔

۳۔ مسلمان دنیا کی حکومتیں (ایران اورمجاہدین اسلام کے مفتوحہ علاقوں کے علاوہ) سامراجی سرمایہ دارانہ نظام کی سرحدی چوکیاں ہیں جہاں تحکم قانون سرمایہ نافذ العمل ہے۔ یہ حکومتیں خلافت اسلامیہ سے سرے سے کوئی مشابہت نہیں رکھتیں۔

۴۔ ان حکومتوں کے باشندے (عوام و خواص دونوں) تحکم قانون سرمایہ پر مجبور ہیں اور جب تک وہ بااقتدار ہیں تحکم قانون سرمایہ کی تابع داری پر مجبور رہیں گے۔

۵۔ تحکم قانون سرمایہ جمہوری عمل کے ذریعہ اسلامی انفرادیت کے اظہار کے دائرہ کار کو محدود کرتا رہتا ہے۔

۶۔ اسلامی انفرادیت کے دائرہ کار کو توسیع دینے کے لیے محض اصلاحی عمل موثر نہیں کیونکہ قانون سرمایہ کے تحکم کا تنفیذی مرکز عالمی قوتوں (امریکا اور چین) اور سرمایہ دارانہ مارکیٹوں میں ہے قومی نہیں ہے اور اصلاحی عمل کے ذریعہ اس عالمی ارتکازِ قوت کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

۷۔ اسلامی انفرادیت کے دائرہ کار کو پھیلانے کے لیے مسلمان عوام اور خواص کو ملکی سطح پر انقلابی عمل کے ذریعہ بااقتدار بنایا جا سکتا ہے اور تحکم قانون سرمایہ کے دائرہ کار کو محدود کیا جا سکتا ہے۔لہٰذا اصلاحی گروہوں کو انقلابی گروہوں کی مسلم عوام وخواص کو بااقتداربنانے کی جدوجہدکی پشت پناہی اور تائید کرنا چاہئے۔

۷۔ اس بات کا بھی احساس ہونا چاہیے کہ سرمایہ دارانہ سامراج کے خلاف انقلابی اور اصلاحی جدوجہد طویل المدت ہو گی۔ سرمایہ دارانہ سامراج کی اصل قوت محرکہ اس کی علمیت اور روحانیت ہے۔ یہ علمیت اور روحانیت صدیوں میں غالب آئی اور اس کی تسخیر و انہدام میں غالباً صدیاں لگ جائیں گی (واللہ اعلم)۔ اس پورے دور میں اسلامی انقلابی واقعات رونما ہوتے بھی رہیں گے (ایران، افغانستان) اور پسپابھی ہوتے رہیں گے (شام، چیچنیا، مصر، صومالیہ)۔ اسی طرح سرمایہ دارانہ علمیت اور روحانیت کا تسخیری عمل بھی صدیوں پر محیط ہو گا(واللہ اعلم)۔ اذہان پر سائنس اور جاہلی عقلیت کی گرفت کو ڈھیلا کرنا ایک نہایت دشوار گزار کام ہے۔

۸۔ اس پورے مجبور دور میں لازم ہے کہ اصلاحی اور انقلابی عمل جاری رہے اور ان میں تعاون اور ارتباط کی نئی نئی شکلیں وضع کی جاتی رہیں تاکہ مسلمان سرمایہ دارانہ نظاماتی غلبہ سے ویسے ہی مصالحت نہ کرلیں جیسے عیسائیوں، یہودیوں اور ہندو توا کے پیروؤں نے کر لیا ہے۔

۹۔ اس پورے دور کے رہنما اجتہادات شاہ ولی اللہؒ کا اجتہاد’’اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے‘‘ اور مولانا مودودیؒ کا اجتہاد ’’مغرب جاہلیت خالصہ ہے‘‘ ہیں۔ ہمیں ان دونوں اجتہادات کی روشنی میں مصلحین اور انقلابیوں کو اپنے لائحہ عمل مرتب کرنے چاہیں۔ چونکہ جماعت اسلامی مولانا مودودیؒ کی فکر کی وارث ہے لہٰذا اس کی ذمہ داری ہے کہ مخلصین دین کی تمام جماعتوں اور گروہوں کے عمل میں ارتباط ، توازن اور اشتراک پیدا کرنے کو اولین ترجیح دے۔