شمالی کوریا میں امریکہ کی شکست۔۔۔جاوید اکبر انصاری
مبارک ہو!شمالی کوریا کے حکمران جناب کم جونگ اون نے 2020 کے سال نو پیغام میں اپنے ملک کے نیوکلر پروگرام کی توسیع کا اعلان کردیا اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں شمالی کوریا کسی نئے نیوکلر ہتھیار کا اجراء کریگا ۔
جزیرہ نما کوریا کو امریکہ نے 1945 میں تقسیم کردیا ۔شروع ہی سے امریکہ شمالی کوریا کی آزادی کو ختم کرنے کے درپے رہا ہے پچھلے اسّی (80)سال سے امریکہ شمالی کوریا کے خلاف سفارتی اور معاشی جنگ لڑرہاہے اور شکستوں پر شکستیں کھارہاہے اس طویل جنگ کو جاری رکھنے کی وجہ یہ نہیں کہ شمالی کوریا امریکہ کے لئے کوئی گمبھیر فوجی خطرہ پیش کرتا ہے ۔
جزیرہ نمائے کوریا تین سامراجی نظاموں ،امریکہ روس اور چین ،کی سرحدوں سے ملحق ہے ۔فی الحال امریکی سامراج کی مشرقی بعیدکی چوکیاں جنوبی کوریا،جاپان اور تائیوان ہیں ۔جاپان اور جنوبی کوریا غیر محفوظ ہیں کیونکہ ان کے عوام (اور خواص کے ایک طبقہ میں ) امریکہ سے آزادی حاصل کرنے کی شدید آرزوہے اور 1945 تک جاپان خود ایک سامراجی نظام قائم کئے ہوا تھا ۔
دورحاضر میں امریکی سامراج سے مؤثر عسکری نبردآزمائی کے دواہم ذرائع عوامی ہتھیار بندی اور نیوکلر ہتھیار روں کا حصول ہیں ۔
شمالی کوریا کے پاس یہ دونوں ہتھیار موجود ہیں اور اصل خطرہ یہ ہے کہ اگر امریکہ شمالی کوریا کوایک نیوکلر قوت کے طورپر قبول کرے تو اس کا مشرق بعید کا سامراجی نظام متزلزل ہوجائیگا نہ صرف جنوبی کوریا اور جاپان بلکہ فلپائین (Philpin) انڈونیشیااور ملائشیاء بھی نیوکلیر ہتھاروں کے حصول کے لئے جدوجہد کریں گے بلکہ اس کو امریکی سامراج سےگلوخلاصی اور اپنی قومی خود مختاری کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے ۔
لہذا امریکہ شمالی کوریا کے خلاف اپنی ہاری ہوئی جنگ جاری رکھنے پر مجبور ہے ۔امریکہ کو امید ہے کہ اس کی انتہائی دباؤ(maximum pressure) کی حکمت عملی شمالی کوریا (maximum pressure) کی حکمت عملی شمالی کوریا کو اپنی نیوکلر صلاحیت خود تباہ کرنے پر آمادہ کردے گی ۔لیکن انتہائی دباؤ کی یہ حکمت عملی 1949 سے آج تک ناکام ہوئی ہے اور مستقل ناکام ہوتی چلی آرہی ہے ۔چین میں کیوبا میں وینزویلا وغیرہ میں اور شمالی کوریا میں اس کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے ۔
شمالی کوریا کو امریکہ معاشی دہشتگردی کی بھاری قیمت دینا پڑی ہے اور بحیثیت ایک سرمایہ دارانہ ملک شمالی کوریا کے خواص وعوام معاشی ترقی کے حصول کے شدید خواہاں ہیں لیکن دیگر اشتراکی سرمایہ دارانہ ملکوں کی طرح شمالی کوریا بھی قومی خود مختاری کو معاشی فوائد کےعوض قربان کرنے پر تیار نہیں لہذا جناب کم جونگ اون کی حکومت کو اپنے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ امریکی انتہائی دباؤ اور معاشی دہشت گردی(sanctions) کمزور پڑتی جارہی ہے اور شمالی کوریا کی حوصلہ مندی میں اضافہ ہوتا جارہاہے اور اس کے سامراجی حلیف روس اور چین اس کی استقامت دیکھ کر اس کی پشت پناہی پر آمادہ ہورہے ہیں ۔روس اور چین اپنے سامراجی مقاصد کے حصول کے لئے امریکہ سے نبردآزمائی کبھی قبول نہیں کرتے ۔اس لئے انہوں نے اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کو ریاست کے خلاف امریکی معاشی دہشت گردی اقوام متحدہ (sanction) کو veto نہیں کیا لیکن ان (sanction)کو غیر موثر بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔
اپریل 2018 میں جناب کم جونگ اون کی حکو مت نے نیوکلر تجربات پر یکطرفہ تحدید کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے (subcritical) تجربات کے وقوع اور re-entryٹیکنالوجی کے حصول کا دعویٰ کیا اور فرمایا کہ شمالی کوریا کی نیوکلر استطاعت مکمل دفاع کی سطح کو عبورکرتی ہے ۔اس وقت سے لیکر پہلی جنوری 2020 تک شمالی کوریا اپنے نیوکلر پروگرام کو منجمد کرنے اور جزیرہ نمائے کوریا کو مکمل طوپر نیوکلر ہتھیاروں سے پاک کرنے کی تجویز پیش کرتا رہا ۔اس کا مطلب جنوبی کوریا میں امریکہ کے THAD (Terminal high Altitude Defense)پروگرام کے حصول اور جنوبی کوریا سے امریکی نیوکلر ہتھیاروں (جو 2020 میں تقریباً 900 کے قریب ہیں) کا اخراج ہے ۔اس پورے دورانیہ میں امریکہ کا اصرار رہاہے کہ شمالی کوریا یکطرفہ طور پر اپنے نیوکلر ہتھیاروں کو مکمل طور پر تباہ کرکے کورین جزیرہ نما میں امریکی باجگزاری کو قبول کرے ۔
2018 کے بعد سے شمالی کوریا کے خلاف امریکی دہشت گرد کا رو ائیوں میں (Vietnam) اور (Pannmutijon) کے (summits) کے باوجود مستقل اضافہ ہوتا رہا ۔شمالی کوریا کے پاس فی الحال 60 کے قریب نیوکلر ہتھیار موجود ہیں جنوری 2020 کا اعلان ثابت کرتا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں شمالی کوریا کی پوزیشن مستحکم ہوئی ہے اور وہ اپنے نیوکلر پروگرام پر خود ساختہ تحدید کو ختم کرنے پر آمادہ ہے ۔
اسباق: یہ ہمارے لئے ایک خوش آئند خبر ہے اس کی دووجوہات ہیں:
- سرمایہ دارانہ لبرل اور سرمایہ دارانہ اشتراکی قوتوں میں جتنافروغ پائیگا یہ دونوں قوتیں اتنی ہی کمزور ہونگی اور غیر سرمایہ دارانہ قوتوں (یعنی اسلامی قوتوں) کے استحکام اور فروغ کے مواقع بہتر ہوتے جائیں گے ۔اسلامی ریاستوں (ایران ،افغانستان اور مفتوحات )کی خود مختاری اور اقدامی دائرہ کارمیں اضافہ ہوگا لیکن سامراج کی اس چپقلش اور تضاد سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشرق وسطی میں شیعہ سنی اتحاد ناگزیر ہے اس علاقہ میں سامراج کی باجگزار حکومتیں کمزور پڑتی جائیں گی ۔
- نیوکلراسلحہ کمزوروں کا ہتھیار ہے اگرشمالی کوریا کا نیوکلر تحفظ مستحکم ہوگیا تو مشرق بعید پر سامراج کی گرفت کمزور پڑتی چلی جائیگی اور مشرق بعید اور دیگر علاقوں میں کئی مسلم ممالک انڈونیشیا ،ملائیشیاء ،ایران ،ترکی ،سعودی عرب اورالجزائر اور نائجیریا بھی نیوکلر ہتھیاروں کے حصول کو ناگزیر قیاس کرنے لگیں گے ان ممالک میں بھی سامراج کے پسپائی کی راہ ہموار ہوگی اور نتیجتاً اسلامی انقلابی جدوجہد کے مواقع بہتر ہوں گے ۔
لیکن اس بات کا بھی احسا س بھی ہونا چاہئے کہ نیوکلر ہتھیاروں کا حصول سامراجی گرفت ہے نجات حاصل کرنے کے لئے کافی نہیں عوامی عسکری ادارتی صف بندی اور عوامی نظریاتی اور جذباتی تحرک بھی ضروری ہے ۔عوامی نظریاتی اور عسکری صف بندی کے بغیر سامراج گھس بیٹھوں کے لئے عوامی اور ریاستی تخریب کاری ایک آسان کام ہے جو چیزونیزویلا ،کیوبا ،شمالی کوریا اور ایران کو سامراجی فوج کشی سے محفوظ رکھے ہوئے ہے وہ عوامی نظریاتی اور عسکری ادارتی صف بندی ہے اور ان تجربات سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ اس نوعیت کی عوامی ادارتی صف بندی کو مستحکم کرنے کے لئے جمہوری عمل کی تحدید بھی ضروری ہے ۔