کتب خانہLibrary

← عمران سرکار

عمران سرکار.docxڈاؤن لوڈ

دہریہ عمران سرکار کا مزدوروں پر بڑھتا ہوا ظلم اور اسلامی انقلابیوں کی ذمہ داریاں………. جاوید اکبر انصاری

عمران خان کی جھوٹی، مکار، ظالم حکومت سامراج سے اپنے روابط مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی عوام کا استحصال جاری رکھے ہوئے ہے۔نہایت شرم کی بات ہے کہ عارف علوی اور وقار مسعود خان جیسے اسلامی کارکن بھی اس مفسد حکومت کے مشیر اور سربراہ بنے ہوئے ہیں۔

اس غاصب سرکار کی تازہ ترین ظالمانہ کارروائی پاکستان اسٹیل ملز کے 4500 مزدوروں کی فی الفور برطرفی ہے۔ مزدوروں پر کیے جانے والے ظلم کا مقابلہ کرنا ہم اسلامی انقلابیوں کی ذمہ داری ہے۔ اس مقابلہ کی حکمت عملی کی ترتیب و تنفیذ نہ کی گئی تو ہم سرمایہ دارانہ نظام کے فطری مظلومین کی حمایت سے محروم ہو جائیں گے اور ان پر سرمایہ دارانہ اشتراکی قوتیں غلبہ حاصل کر لیں گی۔

اسٹیل ملز کے مزدوروں کو کیوں نکالا گیاَ

یہ برطرفی سرکاری پیداواری شعبہ کی مکمل تباہی کا پیش خیمہ ہے جس کا آئی ایم ایف مدت سے مطالبہ کر رہا ہے اور جو اس کے 2023-2019ء کے ای ایف ایف پروگرام کا کلیدی جزو ہے۔ سامراج کے شکاروں میں پاکستان اسٹیل ملز کے علاوہ پی آئی اے اور پاکستان ریلویز بھی شامل ہیں۔ پورے سرکاری پیداواری سیکٹر کی نج کاری کے ذریعہ سامراج کے سپرد کرنے کی منصوبہ بندی 1991ء سے تمام دہریہ غدار حکومتیں خواہ مسلم لیگ، خواہ پیپلز پارٹی، خواہ تحریک انصاف کر رہی ہیں۔

حکومت میں آنے سے پہلے عمران خان نے اسٹیل ملز کی نج کاری کی صریحاً مخالفت کی تھی۔ اس کے وزیر اظفر نے آج اسے پھر سے جھوٹا ثابت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی برطرفی اسٹیل ملز کی نج کاری کی طرف پہلا قدم ہے۔

تحریک انصاف کی کرپٹ سرکار کی نظر اس انیس ہزار ایکڑ زمین پر ہے جو اسٹیل ملز کی تحویل میں ہے۔ اظفر نے کہا ہے کہ فی الفور تیرہ ہزر ایکڑ زمین کو نجی شعبہ کی سٹہ بازی کے لیے وقف کر دیا جائے گا۔ اس نے یہ اعلان اس کے باوجود کیا کہ یہ اراضی حکومت سندھ کی دی ہوئی ہے اور وفاقی حکومت کو اس کی نیلامی کا کوئی قانونی جواز نہیں۔

لہٰذا مزدوروں کی برطرفی لینڈ مافیا کے سٹہ باز کاروبار کو فروغ دینے کی طرف ایک قدم ہے۔ لینڈ مافیا کے مفادات کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ غدار حکومت گاہے گاہے اسٹیل ملز کے تمام 9500 کارکنوں کو برطرف کر دے گی۔

تحریک انصاف کی حکومت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ پر الزامات لگاتی ہے کہ انہوں نے کرپشن کے ذریعے اسٹیل ملز کو تباہ کر دیا۔ لیکن اس کرپشن کرنے والوں کو پکڑ پکڑ کر ان سے پیسہ واپس لینے کا کوئی اقدام نیب نہیں کرتا بلکہ اس مبینہ کرپشن کا خمیازہ اسٹیل ملز کے مالی، ڈرائیور، چوکیدار، کلرک، اسکول ٹیچر، صحت کا عملہ، آگ بجھانے والے وغیرہ بھگت رہے ہیں جن کو یک بینی و دو چشم نکال دیا گیا ہے۔ کیا اسٹیل ملز میں کرپشن مالیوں، قلیوں، چوکیداروں، اسکول ٹیچروں، نرسوں اور وارڈ کے عملہ نے کی تھی؟

ناحق ان مجبوروں پر تہمت ہے مختاری کی

کیا عمران خان نے ان 4500 کارکنوں کو متبادل ذریعہ آمدنی فراہم کرنے کا کوئی انتظام کیا ؟ اس نے پچاس لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا آج پورے ملک میں 41.3 لاکھ مرد بے روزگار ہیں۔ کیا پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ جو اس برطرفی پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے نے کوئی ایسے اقدام نہیں کیے کہ وبائی دور میں برطرف شدہ مزدوروں کو نجی شعبہ تنخواہیں دیتا رہے؟

خواہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہو خواہ مسلم لیگ کی خواہ تحریک انصاف کی، یہ سب سامراجی سرمایہ دارانہ نظام کی آلہ کار ہیں۔ سرکاری پیداواری شعبہ کی نج کاری کا دوسرا مقصد پاکستانی بھاری صنعتوں کو تباہ کرنا ہے۔ آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کا یہ بھی ایک کلیدی جزو ہے۔ اسٹیل بھاری صنعتوں کا بنیادی خام مال ہے۔ اگر اسٹیل کی قومی پیداوار ختم ہوئی تو الیکٹریکل مشینری، گاڑیاں، ٹریکٹر، زرعی مشینری، کمپیوٹر ہارڈویئر کی صنعتوں کا انحصار سامراجی پیداواری اشیا کے شعبہ پر بہت بڑھ جائے گا اور سامراج کی گرفت پاکستان کے معاشری انفراسٹرکچر پر مضبوط ہوتی چلی جائے گی۔ لہٰذا سامراج کی پٹھو حکومتیں نج کاری کے ذریعہ پاکستان کو مستقلاً غیر مستحکم کرنے کی جستجو کرتی رہتی ہیں۔ سامراج کے بنائے ہوئے ڈی انڈسٹریلائزیشن کے اس منصوبہ پر صرف تحریک انصاف کی حکومت کاربند نہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اسٹیل ملز کی ساٹھ فیصد پیداواری سکت ختم کر دی تھی اور مسلم لیگ کی حکومت نے 2015ء میں اسٹیل ملز کو بند کر دیا تھا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ تمام دہریہ حکومتیں نج کاری کے ذریعہ سامراج کے منصوبہ پر عمل درآمد کررہی ہیں۔

اسلامی انقلابی حکمت عملی

مزدور سرمایہ دارانہ نظام کے ظلم کا عینی شاہد ہے۔ اشتراکیت اس کو یہ سبق دیتی ہے کہ سرمایہ دارانہ ذہنیت اور انفرادیت قبول کر کے وہ سرمایہ دارانہ ظلم سے نجات پا سکتا ہے۔ اس وجہ سے وہ مزدوروں میں سرمایہ دارانہ حقوق اور سرمایہ کی بڑھوتری میں اپنا ”جائز“حصہ طلب کرنے کی خواہش کو پرورش کرتی ہے۔ اس کا مقصد مزدوروں کو سرمایہ دار بنانا ہوتا ہے۔

ہم اسلامی انقلابی ہیں اور سرمایہ دارانہ نظاماتی تضادات کو فروغ دے کر اس نظام زندگی اور طرز حیات کو منتشر کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری سرمایہ دارانہ ظلم کے خلاف جدوجہد سرمایہ دارانہ عدل کے قیام کے لیے نہیں ہوتی۔ ہم سرمایہ دارانہ عدل کے قیام کو ناممکن تصور کرتے ہیں۔

سرمایہ دارانہ ظلم کی تنفیذ سرمایہ دارانہ ملکیت سے ہوتی ہے۔ سرمایہ دارانہ ملکیت دولت کے پیداواری اور تقسیمی عمل کو بڑھوتری سرمایہ کا واحد ذریعہ بنا دیتی ہے اور چونکہ بڑھوتری سرمایہ اصولاً لامحدود ہو سکتی ہے لہٰذا ہر سرمایہ دارانہ ملک کو لازماً سود اور سٹہ کی مارکیٹؤں کا ڈسپلن قبول کرنے پر مجبور ہوتا ہے خواہ وہ سرکاری ہو یا نجی۔

لہٰذا مزدوروں پر سرمایہ دارانہ استحصال کے خاتمہ کا انحصار اس بات پر ہے کہ جو دولت وہ پیدا کرنے میں شامل ہیں وہ سود اور سٹہ کے مارکیٹوں کے ماتحت نہ ہو۔ لہٰذا اسلامی انقلابی مزدوروں میں کی جانے والی جدوجہد کا اولین مقصد سرمایہ دارانہ ملکیت کا خاتمہ ہے خواہ نجی ہو یا سرکاری۔ لیکن یہ بات مزدوروں کو سمجھانا ایک نہایت پیچیدہ اور مشکل کام ہے۔ اسلامی انقلابی جماعت کو اس کام کی ابتدا کرنی ہے۔ اس ضمن میں ہمیں مندرجہ ذیل اقدام کی بنیاد پر اپنی حکمت عملی مرتب کرنا چاہیے:

1۔ نجکاری کی بھرپور مخالفت کیونکہ یہ ایک سامراجی منصوبہ ہے اور اس سے ملکی سالمیت کو شدید خطرہ ہے۔

2۔ سرکاری اداروں میں مزدوروں کی نج کاری کے خلاف طویل المدت ہڑتالوں کی تنظیم۔

3۔ مزدوروں کو احساس دلانا کہ ان کے اداروں پر چڑھے ہوئے قرض کے واجبات حرام ہیں۔ اسٹیل ملز پر چڑھے 230 ارب روپے کے قرضے کو فی الفور منسوخ کیا جائے اور تمام سرکاری اداروں کے سودی قرضہ جات کی منسوخی جس سے تقریباً 2500 بلین روپے کی بچت کی توقع کی جا سکتی ہے۔

4۔ سرکاری پیداواری اور تقسیمی اداروں کی سربراہ تنظیمی کمیٹی میں مزدور اکثریت کی شرکت اور وہاں سے تمام نجی سرمایہ داروں کی برطرفی۔

5۔ سرکاری اداروں کی مینجنٹ کمیٹیوں میں مزدور نمایندہ اپنے اداروں کو سود اور سٹہ کی مارکیٹوں سے منقطع کرنے کی جدوجہد کریں اور اجتماعی سودے بازی میں محض اجازتوں کے اضافہ پر اصرار نہ کریں بلکہ اپنے اداروں کو سود اور سٹہ کی مارکیٹوں کی تحویل میں دینے کی بھی مخالفت کریں۔

6۔ یہ بات قابل تشویش ہے کہ اسٹیل ملز کی حالیہ مزاحمت میں این ایل ایف کوئی واضح کردار ادا نہیں کر رہی۔ ہمیں اس مزاحمت میں بھرپور حصہ لینا چاہیے اور اس کو جماعت کی حکومت مخالف مہم سے منسلک کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

سرمایہ دارانہ ملکیت کو پہلے کمزور اور آخرکار منہدم کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ

1۔ ہم ان پچاسی فیصد باشندوں کے کاروبار کو فروغ دینے کی کوشش کریں جو اپنی روزی خود کماتے ہیں اور کسی کارخانہ یا جاگیردار سے منسلک نہیں۔ پاکستان میں اس حلال کاروبار کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں۔

2۔ ہم اپنے یونین کے کام کو از سر نو متحرک کریں بالخصوص روزانہ دہاڑی پر کام کرنے والے مزدوروں کو منظم کرنے کی جدوجہد کریں۔

3۔ سرمایہ دارانہ دہریہ حکومت کی دستاویزیت (ڈاکومنٹیشن)کی مہم کی بھرپور مخالفت کریں۔

ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ انقلابی عمل بنیادی طور پر ایک معاشرتی عمل ہے۔ حکومت سے مطالبات اسی وقت منوائے جا سکتے ہیں جب ان کے پیچھے معاشرتی قوت منظم اور متحرک ہو۔ اگر معاشرتی قوت ناپید ہو تو ریاست سے مطالبات کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ مزدوروں پر استحصال سرمایہ دارانہ حکومتوں سے مطالبات کے ذریعہ کم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ مزدوروں کو سرمایہ دارانہ ملکیت کے انہدام کے لیے منظم اور متحرک کیا جائے۔