جماعت اسلامی طالبان کی اعانت کرتے
جماعت اسلامی طالبان حکومت کی اعانت کرے ایران کی اسلامی انقلابی جدوجہد اور اسلامی حکومت کے قیام کے بعد بھی جماعت اسلامی نے ایرانی انقلابیوں کا ساتھ دیا تھا اور 1979ء تا 1981ء میں باہمی وفود کے تبادلے بھی ہوتے رہتے تھے۔ لیکن آج افغانستان کے انقلاب کو ہم اسی طرح سے خیر مقدم نہیں کر رہے جیسے ہم نے ایران کے اسلامی انقلاب کا کیا تھا۔ یہ اس کے باوجود کہ افغان جہاد میں ہمارا بھی حصہ رہا ہے اور جماعت کے کئی کارکن روس کے خلاف مزاحمت کے دوران شہید بھی ہوئے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم طالبان کے جہاد کی نظاماتی اہمیت کو نہیں سمجھے۔ طالبان نے کوئی قومی آزادی کی جنگ(war of national libration) نہیں لڑی ہے۔ وہ فی الواقع جہاد فی سبیل اللہ میں کامیاب ہوئے ہیں۔ قومی آزادی کی جنگ جیتنے والے ایک سرمایہ دارانہ نظریہ ، اشتراکیت، قوم پرستی، لبرل دستوریت کے پیرو ہوتے ہیں لہٰذا جنگ جیتنے کے بعد وہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام میں ضم ہو جاتے ہیں۔ یہ بات صرف بھارت، انڈونیشیا، گھانا کے بارے میں ہی نہیں چین، ویت نام اور کمبوڈیا کے بارے میں بھی کہی جا سکتی ہے۔ اسلامی انقلابی جدوجہد عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے انہدام کی جدوجہد ہے۔ اگر یہ بات درست نہیں تو مولانا مودودیؒ کے دو کلیدی اجتہادات (اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے اور مغرب جاہلیت خالصہ ہے) کوئی معنی نہیں رکھتے۔ لہٰذا تمام اسلامی انقلابی تحریکات (بشمول جماعت اسلامی) کے لیے ضروری ہے کہ وہ افغان انقلاب کو عالمی سرمایہ دارانہ نظام میں ضم ہونے سے بچائے۔ عالمی سرمایہ دارانہ نظاماتی انہدام ایک طویل المدت عمل ہے جو صدیوں تک جاری رہ سکتاہے اور کوئی نہیں کہہ سکتا کہ اس کے مراحل کیا ہوں گے لیکن یہ انہدامی عمل جاری ہے اور آج سرمایہ دارانہ نظام شدید ماحولیاتی، نظریاتی، وبائی اور معاشرتی بحرانوں کا شکار ہے۔ سیاسی نظام بھی بتدریج منتشر ہو رہا ہے اور غیر سرمایہ دارانہ اور نیم سرمایہ دارانہ ریاستوں کا قیام اور استحکام ممکن ہوتا جا رہا ہے۔ اسلامی انقلابی تحریکات کو چاہے وہ افغانستان میں غیر سرمایہ دارانہ ، غیر لبرل، غیر اشتراکی، غیر قوم پرست ریاست کے قیام اور استحکام کے عمل کی اعانت کریں۔پاکستان اور ایران کی اسلامی انقلابی جماعتوں کی یہ بالخصوص ذمہ داری ہے۔ طالبان کو یہ احساس دلانا ہو گا کہ جہاد ختم نہیں ہوا بلکہ سامراجی سرمایہ دار آج بھی اس پر حملہ آور ہیں اور امداد اور مشاورت اور تخریب کاری کے ذریعے اس کو ویت نام اور کمبوڈیا کی طرح عالمی سرمایہ دارانہ نظام میں ضم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ہمیں طالبان کو باور کرانا ہو گا کہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام میں انضمام لازم نہیں اور ایک غیر سرمایہ دارانہ معاشی اور سیاسی نظام قائم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم طالبان کی حکومت سے رابطہ قائم کریں اور اس مشکل وقت میں ان کی مدد کریں۔ غذائی امداد سامراج مستقل یہ پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ افغان معیشت تباہ ہو گئی ہے ، بے روزگاری عام ہو رہی ہے۔ قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ عوامی فاقہ کشی ناگزیر ہے وغیرہ وغیرہ۔ یہ سب جھوٹ ہے۔ لیکن اس میں شک نہیں کہ افغانستان کی معیشت گھمبیر مسائل کا شکار ہے۔ اس میں سب سے اہم مسئلہ غذائی فراہمی اور ترسیل کا ہے۔ اس بات کا امکان موجود ہے کہ موسم سرما میں شہروں میں اور دور دراز پہاڑی علاقوں میں غذائی قلت پیدا ہو اور سامراج اس قلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی معیشت کو اپنے زیر نگیں کر لے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ جماعت اسلامی جتنی جلدی ممکن ہو ایک افغان اعانتی غذائی فنڈ قائم کرے۔ ملک بھرکے مساجد اور مدارس سے اس فنڈ میں شرکت کی گزارش کی جائے اور ایک ملک گیر مہم افغان غذائی امداد حاصل کرنے کے لیے پورے موسم سرما میں جاری رہے۔ یہ امداد ہر ماہ براہ راست طالبان کو روپیہ اور اجناس کی شکل میں فراہم کی جاتی رہے۔
صحتی امداد غاصبانہ قبضہ کے دورمیں سامراجی این جی اوز اور اقوام متحدہ کے امدادی جاسوسوں نے افغانستان کے صحتی نظام پر قبضہ کر لیا تھا۔ لہٰذا جب ان میں بیش تر افغانستان سے فرار ہوئے تو دیہی علاقوں میں بہت سے صحتی مراکز بند ہو گئے ۔ اس طرح غدار حکومت کا قائم کردہ صحتی نظام بھی مفلوج ہو گیا ہے۔ اب سامراج افغانستان کے صحتی نظام پر دوبارہ قبضہ اقوام متحدہ اور این جی اوز کے توسط سے قائم کرنا چاہتا ہے۔ یہ ناممکن بنانے کے لیے ضروری ہے کہ جماعت اسلامی اپنی برادر تنظیموں کے ذریعے ڈاکٹروں اور حکیموں کی ایک بڑی کھیپ افغانستان بھیجنے کا انتظام کرے اور افغانستان کو امداد بھی مہیا کی جائے۔ اسی طرح افغانستان کو انجینئروں کی بھی بہت ضرورت ہے۔ کیونکہ امریکی بمباری سے وہاں کے مواصلاتی اور صحتی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے اور طالبان کی حکومت تعمیرات کے کئی منصوبے روبہ عمل لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جماعت اپنی برادر تنظیم کے ذریعہ بڑے پیمانے پر انجینئر بھی فراہم کر سکتی ہے اور پاکستان میں رہ کر بھی افغان تعمیراتی منصوبہ بندی کی امداد کر سکتی ہے۔ سفارتی امداد الحمدللہ کہ جمعیت علمائے اسلام نے افغانستان کو تسلیم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کر دیا ہے۔ جماعت کو اس سلسلہ میں جمعیت کی آواز سے آواز ملا کر حکومت کو باور کرانا چاہیے کہ پاکستان کی شمال مغربی سرحد کو محفوظ رکھنے اور بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری کو شکست دینے کے لیے افغانستان میں ایک غیر سرمایہ دارانہ اسلامی حکومت کے قیام کو فی الفور تسلیم کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح افغانستان پاکستانی تجارت اور دولت افزانی (انویسٹمنٹ) کو فروغ دینا بھی ضروری ہے جس سے مرکزی ایشیائی ممالک کی منڈیاں ہماری دسترس میں آ سکتی ہیں۔ اس کے لیے بھی طالبان کی حکومت کو جلد از جلد تسلیم کرنا ضروری ہے۔ پاکستانی حکومت امریکا سے جو معاہدہ افغانستان پر سے گزرنے والا ایئر کوریڈور دینے کے لیے کرنے جا رہی ہے اس کی بھرپور مخالفت جماعت کو کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت اور دفاعی خود مختاری کے منافی ہے۔ مشاورتی امداد ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں ایک غیر سرمایہ دارانہ معاشرت اور معیشت قائم ہو اور یہ ملک سامراجی دست برد سے محفوظ ہوتا چلا جائے۔ غیر سرمایہ دارانہ ریاستی حکمت عملی کی تنفیذ ایک پیچیدہ عمل ہے جس کی دورِ حاضر کی تاریخ میں مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ جو لوگ افغانستان میں ایک غیر سرمایہ دارانہ معاشرت اور معیشت کے قیام کے خواہاں ہیں اور جو اس غیر سرمایہ دارانہ ملکی معاشرت اور معیشت کے قیام و استحکام کو عالمی سر مایہ دارانہ نظاماتی انہدام کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں وہ طالبان کی ریاستی پالیسی سازی کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کریں اور ایسی تجاویز طالبان قیادت کو مستقل فراہم کرتے رہیں جن کی تنفیذ کے نتیجہ میں اس بات کا امکان پیدا ہو کہ ملک میں ایک غیر سرمایہ دارانہ نظام قائم اور مستحکم ہو اور افغانستان عالمی سرمایہ دارانہ تحکم کو قبول نہ کرے۔ الحمدللہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنوں نے دیگر علما کی مدد سے ایک Woking Group on Afghan Economy قائم کر لیا ہے جو افغان معاشی اور معاشرتی پالیسیوں کے ضمن میں تسلسل سے مشورے مرتب کرتا رہتا ہے۔ جاوید اکبر انصاری