کتب خانہLibrary

انتخابات کی انقلابی تیاری

رسالہاردو۱۹ جولائی ۲۰۲۱کتب و مضامین
حصہ ۱

کیا ہم 2023ء کے انتخابات انقلابی بنیادوں پر لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں؟ انقلابی عمل کا مقصد نظاماتی تضادات کو مہمیز دیتے ہوئے نظاماتی تسخیر کے عمل کو بتدریج جاری رکھنا ہوتا ہے۔ نظام سے مراد ہیئت (structure)ہے۔ ریاست نظام اقتدار ان معنوں میں ہے کہ وہ ایک مخصوص معاشرہ میں قوت نافذہ کی ترتیب، تقسیم اور تنظیم کی تشکیل کو قائم اور کارفرما کرتی ہے۔ انقلابی عمل کا مقصد اس اقتداری ڈھانچہ میں تغیر لانا ہوتا ہے۔ آج پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ نظم اقتدار قائم اور کارفرما ہے۔ پاکستان بھی اس عالمی نظم اقتدار کا ایک ذیلی حصہ ہے۔ ہم اسلامی انقلابی ہیں اور ہمارا مقصد اس عالمی نظم اقتدار کو تہس نہس کرنا ہے۔ لیکن ہم اس جدوجہد کو پاکستانی تناظر تک محدود رکھنے پر مجبور ہیں۔ لہٰذا ہماری توجہ پاکستانی سرمایہ دارانہ نظم اقتدار کی تسخیر اور عالمی سرمایہ دارانہ نظم اقتدار سے اس کے روابط کی تحلیل تک مرکوز ہے۔ نظم اقتدار کی تسخیر کا عمل اس کی معاشرتی جڑوں کو کھوکھلا کیے بغیر ناممکن ہے کیونکہ ہر ریاستی نظم اقتدار ایک مخصوص معاشرتی تناظر میں پیوست ہوتا ہے۔ یہی معاشرتی پیوستگی اس کو اس کا نظریاتی جواز فراہم کرتی ہے۔ پاکستان میں یہ ریاستی معاشرتی پیوستگی تضاداتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاکستان اور اس کے تمام اقتداری ادارے (مقننہ، عدلیہ، انتظامیہ، فوج، کارپوریشنیں یعنی نظم ملکیت اور میڈیا) سامراج کے وضع کردہ ہیں۔ ہم پر سرمایہ دارانہ ریاستی تحکم جبراً انیسویں صدی میں مسلط کیا گیا اور پاکستانی ریاستی نظام اس ہی ادارتی جبری تسلط کا تسلسل ہے۔ سرمایہ دارانہ مقتدرہ میں اس جبری تسلط کو معاشرتی جواز فراہم کرنے کے لیے سرمایہ دارانہ اقدار اور سرمایہ دارانہ انفرادیت کے فروغ کی مستقل جستجو کرتے رہتے ہیں۔ روایتی انتخابی عمل بھی انہی طریقوں میں سے ایک ہے۔ انتخابات کے ذریعہ عوام کو اس بات کا موقع دیاجاتا ہے کہ وہ اپنے سرمایہ دارانہ مفادات کے حصول کے لیے ایک مخصوص ریاستی حکمت عملی کی تصدیق کریں۔ انتخاب لڑنے والی جماعت اس بات کا دعویٰ کرتی ہے کہ وہ عوام کے سرمایہ دارانہ حقوق (آزادی، مساوات اور ترقی)کے حصول کے لیے ایک منفرد لائحہ عمل رکھتی ہے۔ جن حقوق کے حصول کی جدوجہد کا دعویٰ کیا جاتا ہے حصول ملازمت، غربت کا خاتمہ، تورم (inflation) کی روک تھام، پانی و بجلی کی دستیابی وغیرہ وہ یکساں ہوتے ہیں لیکن ان کے حصول کے طرائق میں فرق بیان کیا جاتا ہے۔ لہٰذا انتخابی منشوروں میں یکسانیت بھی ہوتی ہے اور افتراق بھی۔ لیکن تمام روایتی انتخابی منشوروں کا مقصد سرمایہ دارانہ حقوق کے حصول کا لالچ دے کر سرمایہ دارانہ انفرادیت کو فروغ دینا ہوتا ہے۔ ہر جماعت عملاً یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ سرمایہ دارانہ نظآم کی بہترین، دیانت دارانہ خدمت انجام دے گی۔ ہم نے 1950ء کے بعد سے تمام انتخابات روایتی انداز سے لڑے ہیں۔ ہمارا انتخابی منشور سرمایہ دارانہ حقوق کی فراہمی کے وعدوں سے بھرا پڑا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ہم 2023ء کے انتخابات بھی اسی روایتی انداز سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ آج ہم کو ایم کیو ایم یہ طعنہ دے رہی ہے کہ ہم نے ان کے وضع کردہ تمام سرمایہ دارانہ حقوق کو اسلامی جواز فراہم کر دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہماری ”حق دو کراچی کو“ مہم اور ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے مطالبات میں کوئی نظریاتی فرق نہیں۔ ایسے ہی ہماری مجوزہ تورم اور بے روزگاری کے خلاف چلائی جانے والی مہم ہمارے نظریاتی تشخص کو بری طرح متاثر کرے گی۔ جیسا کہ پچھلے انتخابی تجربوں سے ثابت ہوا ہے کہ روایتی طور پر انتخابی عمل میں شرکت کے نتائج ہولناک ثابت ہوتے ہیں۔ اور اگر اس طریقہ سے ہمیں کامیابی حاصل ہو بھی جائے تو حکومت میں آنے کے بعد ہم سرمایہ دارانہ حقوق کی جستجو کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں جیسا کہ 2002ء تا 2008ء کے پی کے میں ہوا۔ یوں سرمایہ دارانہ نظام اقتدار تحلیل نہیں ہوتا بلکہ ہم اس کا ایک حصہ بن جاتے ہیں۔

حصہ ۲

لیکن انتخابی عمل کا انقلابی استعمال بھی ممکن ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں مخلصین دین کی ایک ایسی بڑی تعداد موجود ہے جو سرمایہ دارانہ انفرادیت کے حصار میں نہیں اور جس کو منظم کر کے سرمایہ دارانہ نظام اقتدار کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔ مخلصین دین سرمایہ دارانہ حقوق کی فراہمی کے دعویٰ سے متحرک نہیں ہوتے بلکہ سرمایہ دارانہ حقوق کے فروغ پر اصرار ہمیں مخلصین دین کی صفوں میں ہنوز اجنبی بناتا چلا جاتا ہے۔ مخلصین دین کو متحرک کرنا ہے تو ہمیں 2023ء کے انتخابات لازماً اسلامی جذباتیت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنانا ہو گا۔ہمارے انتخابی منشور کا مرکزی تھیم تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ہونا چاہیے۔ فرانس سے تعلقات کا انقطاع، شعائر اسلامی اور اسلامی نظام تعلیم کا تحفظ اور حرام خور معیشت کی تحدید بنیادی انتخابی اہداف ہوں۔ ان معنوں میں ہمارا انتخابی منشور خالصتاً اسلامی ہو اور دہریہ جماعتوں کے انتخابی منشوروں سے کوئی مشابہت نہ رکھے۔ بالخصوص سوشل ڈیموکریٹک رنگ نہ لیے ہوئے ہو۔ ہم نے بارہا مخلصین دین کو اسلامی جذباتیت کی بنیاد پر متحد کیا ہے۔ 1973ء کی تحریک نظام مصطفیٰ، 1972ء تا 1974ء کی تحریک ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم اور 2017ء اور 2020ء کی تحریک تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اس کی روشن مثالیں ہیں لیکن مخلصین دین کا یہ تحرک دیرپا ثابت نہ ہو سکا۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ جو مخلصین دین متحرک ہوئے تھے وہ منظم ہو سکے نہ بااقتدار۔ لہٰذا 2023ء کی انتخابی مہم کو مخلصین دین کو معاشرتی سطح پر منظم اور بااقتدار بنانے کا پیش خیمہ ہونا چاہیے۔ اس سے اس سیاسی موالیت میں دراڑیں پڑیں گی جو عوام کو سرمایہ دارانہ نظم اقتدار میں جکڑے ہوئے ہے۔ مخلصین دین کو منظم اور بااقتدار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ۔ زیادہ سے زیادہ اسلامی گروہ اور اجتماعیتیں (سیاسی اور غیر سیاسی) اس اتحاد میں شامل یا اس کی پشت پناہ ہوں۔ ۔ اس اتحاد کی بنیاد معاشرہ کی سطح پر قائم ہو اور اس کا بنیادی یونٹ محلہ کی مسجد کی سطح پر قائم ہو ۔ کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ محلوں میں بین المسالک اتحاد المساجد قائم اور کارفرما ہوں۔ انتخابی مہم انہی بنیادی یونٹوں سے منظم کی جائے۔ ۔ یہ یونٹ اور ان کا شہری/علاقائی وفاق عوام کے روزمرہ مسائل(پانی اور بجلی کی فراہمی، مقامی سطح پر قیمتوں اور فیسوں پر کنٹرول، تحفظ امن، ردِفواحش) کے قابل عمل حل کی تشکیل اور تنفیذ کا ذریعہ بنائی جائیں یعنی عملاً لوکل گورنمنٹ کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سنبھالنے کے قابل ہوتی چلی جائیں اور لوکل ایڈمنسٹریشن ان کی ماتحتی قبول کرنے پر مجبور کر دی جائے۔ تحریک نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری چند مہینوں میں ہم کراچی میں ایک محدود حد تک یہ کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ۔ ہمارا انتخابی دستور یہ واضح کر دے کہ ہمارے منتخب پارلیمانی نمایندوں کا بنیادی فرض انہی محلہ کی سطح پر قائم کردہ یونٹ کے اقتدار کاتحفظ اور توسیع ہوگا، ہم ایک ایسا نظام جوابدہی(accountability)قایم کریں جس کے ذریعہ ہر قومی اور صوباءی اسمبلی کاہمارا ممبر اپنے حلقہ(constituencye)کے اتحاد المساجد کے سامنے جوابدہ ہواور اتحاد اس کی معزولی کی سفارش مرکزی متحدہ اسلامی جماعتوں سے بھی کر سکنے کا مجاز ہو۔ مخلصین دین کے اس نظام اقتدار کو معاشرتی سطح پر قاءم ہونے میں دیر لگے گی لیکن اگر ہم یہ کام ابھی سے شروع کردیں تو ۲۰۲۳ کے الیکشن کو دینی بنیادوں پر لڑنے کی دینی بنیادیں فراہم کر سکتے ہیں یہ کام نہایت نتیجہ خیز ابتداءی مراحل میں بھی ثابت ہو سکتا ہے اور توقع کی جا سکتی ہے کہاگر اسلامی جماعتیں متحدہو کر مخلصین دین کو منظم اور بااقتدار بنانے کا بیڑہ اٹھا لیں تو ہمیں ۲۰۲۳ کے انتخابات میں تقریباً ایک کروڑ ووٹ حاصل ہو سکتے ہیں اور ہم سرمایہ دارانہ نظام اقتدار کی تسخیرکا عمل شروع کر سکتے ہیں، ہم مدت دراز سے رواءتی انداز میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اس کی دو نظری وجوہات ہیں، پہلی وجہ یہ ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک ہم اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں کہ پاکستانی عوام نظاماتی سطح پر غلبہ دین کے خواہش مند ہیں لہذا ہما ری mass baseوہی ہے جو دہریہ جماعتوں کی ہے یہ بات بلکل غلط ہے، پاکستانی عوام کا اسلام سے رسمی اور اعتقادی ہے pulic life میں اس کا عملی اظہار نہایت مبہم اور محدود ہوتا ہے۔وہ سرمایہ دارانہ public order کومعقول سمجھتے ہیں اور سرمایہ دارانہ مطالباتی نظام client patronage network میں بآسانی ضم ہوجاتے ہیں، وہ دہریہ جماعتوں کی mass base ہیں ہماری نہیں، ہماری mass base مخلصین دین ہیں جو عوام کا ایک چھوٹا حصہ ہیں، یہ مخلصین دین ہمیں ووٹ دیتے ہیں اور ۲۰۱۸ میں یہ مجموعی رائے دہندگان کی تقریباً ۷ فی صد تھے، جنہوں نے اسلامی جماعتوں کوووٹ دیئے تقریباً ۵۱ لاکھ، آج ملک میں مخلصین دین کی تعداد ایک سے لیکر ۲کروڑ ہے۔ہمیں اپنی اس mass base کو متحرک اور منظم کرنا ہے

حصہ ۳

جبکہ سرمایہ دارانہ نظام تحکیم میں حکومت تو ریاست کا ایک نہایت کمزور جزو ہوتا ہے اور دستور کے ذریعہ تحکیمی قوت ریاستی اداروں (عدلیہ، انتظامیہ، فوج، کارپوریشنوں، میڈیا) اس کو مقامی سطح پر بااقتدار بنانا ہے تاکہ عوام اس کی قیادت کو قبول کرکے سرمایہ دارانہ مولیاتی نطام client patronage network سے چھٹکارہ حاصل کریں، اس کے لئے اسلامی خطوط پر مقامی انقلابی ادارتی صف بندی ضروری ہے۔ روایتی انتخابی طریقہ پر اعتماد کی دوسری وجہ حکومت کو ریاست سمجھنا ہے، مولانا مودودی رحمہ اللہ کی فکر میں ایک اہم خاموشی ہے، اس فکر میں ریاست کو حکومت کے مماثل تصور کیا گیا ہے جبکہ سرمایہ دارانہ نظام تحکیم میں حکومت تو ریاست کا ایک نہایت کمزور جزو ہوتا ہے اور دستور کے ذریعہ تحکیمی قوت ریاستی اداروں عدلیہ انتظامیہ، فوج ، کارپوریشنوں ، میڈیا میں تقسیم کی جاتی ہے۔ حکومت اس دستوری نظام کی قیدی ہوتی ہے۔ اور اگر ایک سرمایہ دارانہ نظام میں ایک اسلامی حکومت قائم ہو جائے تو دستور کی پابندی اس کو سرمایہ دارانہ اقتداری اداروں کی تابع داری پر مجبور کر دیتی ہے۔ اس کی واضح مثال اخوان کی 2012ء کی مصر میں قائم کردہ حکومت کی بے بسی ہے۔ ہمارا یہ خیال ہے کہ ہم مقننہ میں اکثریت حاصل کر لیں تو ریاستی اداروں کو تعلیمات شرع مطہرہ اور علوم اسلامی کے ماتحت بنا لیں گے، غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ انقلابی عمل کے ذریعہ سرمایہ دارانہ نظام کے اندر غیر سرمایہ دارانہ ادارتی صف بندی کی جاتی ہے اور اقتدار بتدریج سرمایہ دارانہ اداروں کے ہاتھوں سے مخلصین دین کے ہاتھوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ انقلابی ادارتی صف بندی لازماً ایک غیر جمہوری عمل ہے لیکن انتخابی عمل کے ذریعہ اس کا تحفظ ممکن ہے۔ یہ انتخابات کو انقلابی عمل کا ایک جزو بنانے کی بنیادی دلیل ہے۔ جاوید اکبر انصاری