اسلامی انقلاب مسائل اور رویے ایک اہم موضوع
اسلامی انقلاب مسائل اور رویے ایک اہم موضوع اسلامی انقلاب کیا ہے اور کیا نہیں یہ بحث ایک اسلامی انقلابی پارٹی کے لئے انتہائی ضروری اور اہم ہے اسی طرح انقلاب کیا ہے اور کیا نہیں یہ بحث بھی اسی تناظر میں سمجھنا بہت ضروری ہے ہم جماعت اسلامی کے کارکن ہیں اور ہماری جماعت اسلامی سے موجودہ وابستگی کی اصل وجہ بھی اسلامی انقلاب ہے، جماعت اسلامی برصغیر کی وہ واحد اسلامی جماعت ہے جو اسلامی انقلاب کی دعوی دار ہے، جس کا نصب العین واضح طور پر اسلامی انقلاب (اسلامی نظام زندگی کا قیام ) کا اعلان کرتا ہے جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی رحمہ اللہ نے برصغیر میں خاص کر اور عالم اسلام کی صورت حال پر جو گفتگو کی اور لٹریچر تیار کیا اس میں یہ ثابت کرنے کے کوشش کی گئی کہ امت مسلمہ کو سب سے بڑا چیلنج اسلامی ریاست اور نظام کے قیام کا ہے، جب تک اسلامی نظام زندگی یا اسلامی ریاست قائم نہیں ہوتی اس وقت اسلامی کے احکامات پر کسی طور مکمل عمل نہیں کیا جا سکتا، یعنی معاشرتی حکم اور معاشرتی فیصلے جب شریعت کے تناظر میں نافذ نہیں کئے جائیں گے اس وقت تک اسلام احکامات بے معنی ہو کر رہ جاتے ہیں۔ محترم شاہنواز فاروقی جماعت اسلامی کے رسائل اور اخبارات کے چند ایک نظریاتی اور لکھنے پڑھنے والے صحافیوں میں شمار کئے جاتے ہیں جو پچھلے 35 سال سے مستقل لکھ رہے ہیں 8 دسمبر 2023 کی فرائیڈے اسپیشل میں ان کا ایک مضمون اسلامی انقلاب مسائل اور رویے شائع ہوا جس میں ایمان اور عمل کی بحث کے ساتھ اسلامی انقلاب کیا ہے اور کیا نہیں ہے یہ سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ شاہنواز فاروقی کہتے ہیں کہ ایمان کی موجودگی کی صورت میں انسان کی خواہش اور عمل کی ایک سمت ہوتی ہے جو واضح طور پر خالق کائنات کے مقاصد سے ہم آہنگ ہوتی ہے اس کے برعکس ایمان کی روشنی سے محروم انسانی خواہش اور عمل کی کوئی سمت نہیں ہوتی اور فرماتے ہیں کہ پہلی صورت میں انسانی خواہش اور عمل علویت کی منزلیں طے کرتے ہیں اور دوسری صورت میں سفلے پن کی۔ اسی طرح فرماتے ہیں کہ ایمان کی کمی کاسب سے ہولناک نتیجہ یہ برآمد ہوتا ہے کہ انسان کی خواہش اور عمل کے درمیان فاصلہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس ایمان کی شمع دل میں روشن ہو تو خواہش اور عمل کے درمیان حائل تمام فاصلے مٹ جاتے ہیں۔ تاہم خواہش اور عمل کے درمیان موجودہ فاصلے اس وقت بھی مٹ جاتے ہیں جب ایمان کی آخری رمق بھی دل سے رخصت ہو جاتی ہے۔ موجودہ زمانے کو اس بحث میں سموتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ان دونوں صورتوں میں ایک اور فرق پایا جاتا ہے۔ پہلی صورت میں انسان کی صرف شدید خواہش ہی انسانی وجود میں نور بھر دینے کا سبب بن جاتی ہے۔ عمل اس نور کی کیفیت میں اضافہ نہیں کرتا، بس اس میں استحکام پیدا کرتا ہے، اس کی عمر دراز کرتا ہے۔ اس کے برعکس دوسری صورت میں صرف شدید خواہش انسانی روح میں اتنی پراگندگی پیدا کردیتی ہے کہ عمل اضافی ہوجاتاہے۔ اس صورت میں بھی عمل خواہش کے نتیجے میں پیدا ہوجانے والی پراگندگی میں اضافہ نہیں کرتا، بس اس میں استحکام پیدا کرتا ہے، اس کی عمر بڑھاتا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ اوّلین صورتِ حال کا مثالی نمونہ ہے، اور جدید مغرب دوسری صورتِ حال کا کامل نمونہ۔ گو اب مغرب جس تیزی کے ساتھ ہمارے معاشروں میں نفوذ کررہا ہے اس کے باعث مشرق و مغرب کی تفریق دن بہ دن بے معنی ہوتی جارہی ہے، اس لیے ہم بھی دوسری صورتِ حال کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور منقلب ہورہے ہیں، گو ہمارا دعویٰ کچھ اور ہی ہے، مگر یہ دعویٰ خودفریبی کے سوا کچھ نہیں۔ مسلمانوں نے اس دنیا پر 1400 سال حکمرانی کی اور الہامی مذاہب کو کسی حد تک برداشت کیا انہیں پوری طرح اسلام میں ضم نہ کر سکے اس کی کیا وجہ رہی یہ ایک علیحدہ تفصیلی موضوع ہے ،عیسایئت پورے یورپ میں بیشتر ممالک میں موجود رہی ، الہامی مذاہب کے تناظر میں دیکھا جائے تو اصل میں اسلا م عیسائیت اور یہودیت کی تکمیل ہے اصولی طور پر علمائے عیسائیت کو اسلام آجانے کے بعد اسلام قبول کر لینا چاہئے تھا جیسا کہ ان کی الہامی کتابوں کی تعلیمات تھیں لیکن علمائے عیسائیت نے اسلام قبول نہیں کیا کیونکہ عیسائیت ویہودیت ایک مکمل دین نہیں تھا اور نہ شرعی احکامات کی مکمل تفصیل کہ دنیا کی تمام معاملات کس طور اللہ کی ھدایات کے مطابق برتے جائیں بلکہ علمائے عیسائیت نے اپنی ذاتی خواہشات کی بنیاد پر پوری دین کو مسخ کر دیا تھا جو انسانی نفس کے لئے ناگورار ہوتی چلی گئیں اور روحانی پاکیزگی کا کوئی فطری نظام قائم نہیں رہ سکا، اسی وجہ سے ان معاشروں میں مسخ شدہ عیسائی تعلیمات کی وجہ سے بغاوت پیدا ہوئیں اور اس کے پیچھے جو علمیت تھی وہ سائنس،فلسفہ اور سوشل سائنس کی علمیت تھیں ،جو سابقہ یونانی علمیت کا شاخسانہ تھیں ،جس کے نتیجہ میں مذہبی معاشروں میں بغاوت نے پورے یورپی معاشرے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا،جس کے نتیجہ میں سرمایہ دارانہ انقلاب برپا ہوئے، انقلاب فرانس، انقلاب امریکہ ، انقلاب برطانیہ، انقلاب مشرقی یورپ، انقلاب روس ، انقلاب چین وغیرہ نمودار ہوئے اور مذہب سے نفرت کی بنیاد پر جو علمیت تعمیر ہوئی وہ سرمایہ دارانہ نظام کی صورت اختیار کر گئی۔
اس وقت پوری دنیا سرمایہ دارانہ نظام زندگی کے ذریعہ کنٹرول کی جارہی ہے، اور یہ سرمایہ دارانہ نظام اپنی پوری عسکری قوت کے ساتھ پوری دنیا کو کنٹرول کئے ہوئے ہے، اس نظام زندگی کےتین عقائد آزادی مساوات اور ترقی نے چار مختلف نظریات پیدا کئے ہوئے ہیں جو اصل میں اسی نظام زندگی کے عقائد ہی طرف انسانیت کو لے کر جاتےہیں وہ نظریات لبرل ازم، سوشل ازم، نیشنل ازم اور انارکزم ہیں۔ ان عقائد کے مطابق پوری دنیا میں انفرادیت ، معاشرت اور ریاستیں تعمیر ہورہی ہیں، چاہئے وہ لبرل ریاستیں ہوں، سوشلسٹ ریاستیں ہوں، نیشنلسٹ ریاستیں ہوں یا انارکسٹ نظام ریاست ہو۔ سرمایہ دارانہ نظام ایک روحانی نظام ہے جو انفرادیت کو پلید اور ناپاک کرتا ہے ایک انسانی روح حرص و ہوس ، شہوت وغضب میں مبتلا ہوجاتی ہے بظاہر وہ تمام اپنے اوپر پابندیوں سے نظریہ آزادی کے تحت آزاد ہو جاتی ہے لیکن اپنے شیطانی نفس کی غلام ہوجاتی ہے، اس کے نتیجہ میں جو معاشرت پیدا ہوتی ہے وہ بھی انہیں ناپاک روحوں کی اجتماعیت ہوتی ہے حرص و ہوس ، شہوت اور غضب سے مغلوب ہوتی ہے، آپس کے تعلقات انہیں بنیادوں پر استوار کرتی ہے اور جو سرمایہ دارانہ ریاست تعمیر ہوتی ہے اس کا کام انہی ناپاک اور پلید اصولوں اور قانون سازی کی بنیاد پر ریاست کو چلانا ہوتا ہے، پوری ریاست شیطنت کا آلہ کار بن جاتی ہے۔۔۔ پوری دنیا میں اس وقت مختلف اسلامی تحریکیں اسلامی انقلاب کے عزم کے ساتھ برسر پیکار ہیں اور تمام اسلامی تحریکوں کا مقابلہ اصل میں سرمایہ دارانہ انفرادیت، معاشرت اور سرمایہ دارانہ ریاست سے ہے، اگر اسلامی تحریکات اس بحث سے کماحقہ ہو آگاہ نہیں ہوں گی تو وہ اسلامی انقلاب سے دور سے دور ہوتی چلی جائیں گی۔۔۔ شاہنواز بھائی لکھتے ہیںـ۔۔۔آج کا انسان یہ بات مکمل طور پر نہیں تو بڑی حد تک واقعی بھول چکا ہے کہ اس جہانِ فانی میں اس کے حقیقی مسائل روحانی ہیں، سیاسی اور معاشی نہیں۔ مگر اس رجحان میں یہ خطرہ پوشیدہ ہے کہ اگر ہم عوام کے ساتھ مسلسل سیاسی اصطلاحات میں ابلاغ کرتے رہے تو وہ یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ ان کے مسائل واقعتاً سیاسی اور معاشی ہیں۔ اس صورت میں ہم دین کے حقیقی منشا کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوں گے، اور اگر ہم نے انقلاب برپا کرکے لوگوں کے یہ مسائل واقعی حل کردیے تو یہ کامیابی حقیقی کامیابی کا سایہ بھی نہیں ہوگی۔ محترم شاہنواز فاروقی نے یہ ایک نہایت اہم نکتہ اٹھایا ہے لیکن اس طرح ان کا تصورِ انقلاب مبہم ہو جاتا ہے۔ انقلاب کا تصور اسلامی تاریخ میں غیر معروف ہے کیوں کہ سلطنت عثمانیہ کے سقوط تک اسلامی انقلاب برپا کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انقلاب سے مراد صرف وہ عمل ہے جو قیام و استحکام ریاست اسلامی کے لیے جاری رکھا جائے۔ انقلابی جدوجہد اقامت دین کا ایک حصہ ہے اس کا کل نہیں۔ اقامت دین کا دوسرا اور اہم ترین جزو وہ غیر انقلابی تحاریک ہیں جو تحفظ دین کا فریضہ انجام دے رہی ہیں۔ تصور انقلاب کے اس ابہام کے نتیجہ میں محترم شاہنواز فاروقی اشتراکی انقلاب کی جو تشریح پیش کرتے ہیں وہ درست نہیں۔ اشتراکیت ایک سرمایہ دارانہ نظریہ اور اشتراکی انقلاب ایک سرمایہ دارانہ انقلاب ہے۔ اشتراکیت کا تصور انسان اور لبرل تصور انسان میں کوئی جوہری فرق نہیں۔ دونوں سرمایہ دارانہ نظریات انسان کو احد اور صمد (human being) تصور کرتے ہیں۔ دونوں نظریات مقصد حیات حصولِ آزادی، مساوات اور ترقی (یعنی بڑھوتری سرمایہ ) کو گردانتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ اشتراکی ریاست اجتماعی آزادی کے فروغ کی جستجو کرتی ہے اور لبرل ریاست انفرادی آزادی کی۔ مارکس کا تصور روحانیت اس کے نظریہ alienation میں مضمر ہے جو ہیگل کے تصور World Spirit کی ایک تشریح ہے۔
محترم شاہنواز فاروقی فرماتے ہیں کہ ”ایمان سے محروم انسانی عمل کی کوئی سمت نہیں ہوتی“۔ یہ درست نہیں۔ سرمایہ دارانہ دور میں شہوت اور غضب سے مغلوب نفس کی سمت حصولِ آزادی (بڑھوتری سرمایہ) کی طرف ہوتی ہے۔ یہ نہایت اہم بات ہے کہ اپنے مقالہ میں شاہنواز فاروقی دورِ حاضر کے کامیاب ترین اسلامی انقلاب – انقلابِ افغانستان – کا کوئی تذکرہ نہیں کرتے۔ یہ بھی درست نہیں کہ سوویت یونین نے جمالیاتی اور روحانی جبلتوں کی تسکین کے لیے کچھ نہیں کیا۔ 1920ء سے ہی کمیونسٹ آرٹ، موسیقی، رقص، ادب اور کھیل کو فروغ دینے کی مربوط حکمت عملی کی تنفیذ کی گئی تاکہ مذہبی میلانات کی جگہ شیطانی روحانیت کو فروغ دیا جائے۔ سوویت یونین نے Soviet Man کی تعبیر کی جو کوشش کی وہ یقیناً ناکام ہو گئی لیکن اس سے یہ نتیجہ اخذ کرنا کہ سوویت مین ک بلکہ Homo Economicus کی ایک تشریح نہیں اس کا رد ہے، درست نہیں۔ محترم شاہنواز فاروقی فرماتے ہیں ”تاریخ اس کی گواہ ہے کہ دنیا کے انقلابیوں کو جس چیز نے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے وہ ان کا خلوص ہے“۔ تاریخ اس بات کی مطلقاً گواہ نہیں۔ کارکنوں کے خلوص کے بغیر انقلابی عمل کا جاری رکھنا بالکل ناممکن ہے۔ کیوں کہ انقلابی عمل قربانیاں مانگتا ہے اور غیر مخلص کارکن قربانی دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ انقلابی جماعتوں کے سامنے جو چیلنج ہے وہ مخلصین میں ریاستی نظم چلانے کی اہلیت پیدا کرنا ہے اور یہ کام امارت اسلامیہ افغانستان میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے جہاں مخلص طالبان نے دو سال کے قلیل عرصہ میں سامراجی پابندیوں کے باوجود ملکی معیشت کو مستحکم بنا دیا ہے۔ لیکن شاہنواز فاروقی انقلاب افغانستان کی کامیابیوں کو بالکل نظرانداز کرتے ہیں۔ جناب شاہنواز فاروقی کے گراں قدر مضمون کا خلاصہ یہ ہے کہ آپ کی رائے میں انقلابی عمل ہمہ جہت ہے۔ آپ انقلاب کی تعریف یوں کرتے ہیں ”انقلاب سے مراد ایسی تبدیلی ہے جو کسی معاشرہ کے ڈھانچہ کو یکسر بدل کر اس کی جگہ ایک نئے سماجی ڈھانچہ کو قائم کر دے“۔ تاریخی طور پر یہ درست نہیں۔ انقلاب محض ریاستی نظام کی تبدیلی کا نام ہے۔ انقلابی قوتوں کی پشت پناہ ہمیشہ وہ قوتیں ہوتی ہیں جو غیر انقلابی یعنی اصلاحی ہوتی ہیں۔ انقلابی عمل غلبہ دین کی جدوجہد ہے اور اصلاحی عمل تحفظ دین کی۔ یہ دونوں جدوجہد complementary ہیں۔ پاکستان میں اسلامی انقلابی عمل کی بنیادی کمزوری یہ ہے کہ وہ اصلاحی عمل سے غیر مربوط ہے۔ اس کے نتیجہ میں پاکستانی اسلامی انقلابی جماعت یعنی جماعت اسلامی ایک عام اسلام پسند ماڈرن سیاسی پارٹی بنتی جا رہی ہے اور اس کا انقلابی اسلامی تشخص معدوم ہوتا جا رہا ہے۔ کامیاب انقلابی جدوجہد کو جاری رکھنے کے لیے اس دوری کو ختم کرنا ناگزیر ہے جیسا کہ ایران اور افغانستان میں ہوا۔ محترم شاہنواز فاروقی کا یہ مضمون نہایت اہم ہے اور انقلابی عمل کو زیر بحث لانا جماعت اسلامی کی فی الحال ایک اہم ضرورت ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ محترم شاہنواز فاروقی کا یہ مضمون اس بحث کی ابتدا ثابت ہو گا۔ امین اشعر