Human rights urdu
انسانی حقوق اصطلاح ”انسانی حقوق“ہیومن رائٹس کا ترجمہ ہے۔ ”ہیومن“ کا ترجمہ محض”انسان“ کرکے اسے نہیں سمجھا جاسکتا۔ ” انسان “ مغربی فلسفہ وفکر میں خاص مقام رکھتا ہے ۔ ” انسان “مغربی فکر میں ایک خاص مفہوم کا فردہے جس کے معنی ومطلب کو جاننے کےلئے ہمیں لازماً مغربی فلاسفہ کے افکار کی طرف رجوع کرنا پڑےگا۔ ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) کا تاریخی پس منظر جدید یورپ کی ابتدا عیسائیت کی شکست وریخت سے ہوئی ۔عیسائی پادری مارٹن لوتھر وہ شخص تھا جس نے اپنے ہی مذہب پر کاری ضرب لگائی اور لوگوں کو عیسائیت کے خلاف وہ بنیادیں فراہم کردیں ،جن کےسہارے انہیں مذہب سے راہ ِفرار ڈھونڈنے میں آسانی ہوگئی ۔انہی بنیادوں پر بعد کے فلسفیوں نے عیسائی علمیت کو رد ۔مغربی مفکرین نے مذہب کو زندگی کے ہرشعبے اور ہرسطح سے خارج کیا ۔ انسان کو اللہ کا بندہ ہونے کی بجائے ایک ایسے آزاد فرد (Human ) کے طورپر باورکرایا جو کسی کا عبد نہیں بلکہ وہ آزاد(Free) ہے۔ وہ ٗ آزادٗ ان معنوں میں ہے کہ جو چاہنا چاہے ، چاہ سکے اور جس چیز کی خواہش اس کا نفس کرے اسے حاصل کرسکے۔ اس کی خواہشات بے پناہ ہیں اور انسان خیر وشر کی تعین اور تحدید میں بذات خود ایک پیمانہ ہے۔ فرد ((Human کا یہ تصور ہرطرح کے شک وشبہے سے بالاتر قرار پایا ۔مغربی فلسفیوں (ڈیکارٹ ،کانٹ،مارکس، نطشے،روسووغیرہ) کے نزدیک کائنات کو صرف او ر صرف Human کے پیمانوں پر پرکھنا ہی علمیت کی میراث ہے۔ مغربی فکر کے جتنے بھی کلاسیکل مفکرین ہیں، ان کے نزدیک انسان قائم بالذات اور اپنا خالق خود (Existent by itself)ہے۔اس فکرکامقدمہ پانچ صدی قبل مسیح کی یونانی فکر میں بھی ملتا ہے جس میں یونانی مفکر پروتاغورس کہتا ہے: ”انسان کا ئنات کی تمام اشیاء کا پیمانہ ہے“ یعنی وہ اس کائنات میں مقصود بالذات ہستی ہے اور وہ کائنات کی ہرشے کو اپنی مرضی(decision) اور منشاء (Will) کے تابع کرنے کا حق رکھتا ہے اور اسی تناظر میں تہذیب مغرب کا کلمہ۔۔۔”لاالٰہ الا انسان“ ہے۔ یوں انسان پرستی (ہیومن ازم) کو اقداری ڈھانچے میں کلیدی اور قطعی حیثیت حاصل ہوئی۔ انسان پرستی (ہیومن ازم) کیاہے؟ انسان کو کائنات کا محور ومرکز قرار دینا ہی انسان پرستی (ہیومن ازم) ہے۔ انسان پرستی کی تحریک اپنی اصل کے اعتبارسے وحی الٰہی او رہدایت ربانی کی ضدہے ۔اس تحریک کا مقصد عیسائی معاشرے میں تصورالٰہ اور تصور آخرت کو ختم کردینا ہے ۔ چنانچہ اس تحریک نے عیسائیوں کو ہر اس ہدایت کے انکار کی طرف ابھارا جو ربانی یاآسمانی ہواو رہراس ضابطے سے بغاوت پر آمادہ کیا جس کی بنیاد ہدایت الٰہی ہے ۔اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انسائیکلوپیڈیا آف ریلجن اینڈ ایتھکس میں بیان کیا گیا ہے: فلسفہ میں انسان پرستی (ہیومن ازم) ہر طرح کی فطریت(ربانیت) اور کلیت کی ضد ہے ۔یہ ایک ایسا فلسفیانہ رجحان دیتا ہے جو انسانی تجربوں کی تشریحات کو ہرطرح کے فلسفہ کا اولین مرکز توجہ قرار دے اور اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ اس کام کے لئے انسانی علم کا فی ہے ۔ انسان پرستی (ہیومن ازم) کی فکری بنیادیں کسی بھی نظام میں سب سے بنیادی مسئلہ تصورذات(self) کاہوتا ہے ۔مثلاً آپ ایک عالم دین سے پوچھیں کہ انسان ذاتی طورپر کیاہے؟اور ا س کا بنیادی وظیفہ کیاہے؟ تو عالم دین آپ کو بتائیں گے کہ انسان دراصل اللہ کا بندہ ہے اور اس کا بنیادی وظیفہ اللہ تعالیٰ کی بندگی ہے ۔ مگریہی سوال جب آپ کسی مغربی فرد سے کریں گے تو وہ آپ کو جواب دے گا کہ انسان کا مقصد زیادہ سے زیادہ لذات (Happiness) کا حصول ہے اور اسے کسی ماورائی ذات کی عبادت کرنے کی ،اس سے ہدایت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں یعنی اسے کسی بھی خارجی قدر،وحی اور ہدایت کی ضرورت نہیں ہے ۔
سترھویں اور اٹھارویں صدی میں یورپ میں پیدا ہونے والے فلاسفروں کے مطابق انسانی عقل کی بنیاد پرقطعی اور آفاقی سچ کا حصول ممکن ہے۔ چنانچہ جب انسان ہی تمام خیر وشر کا تعین کرسکتا ہے تو ایسی صورت میں انسان پرستی ، خداپرستی کی جگہ لے لیتی ہے۔ مشہور فلسفی ڈیکارٹ نے جدید فلسفہ کی بنیاد رکھی اور عیسائیت کو شکست دی ،اس نے انسانی ادر اک میں کسی بھی خارجی عامل کو رد کیا ۔ اس پیش کردہ فلسفے کے مطابق: ”علمی اور عقلی بنیادوں پر کوئی بھی انسان اپنے سوا کسی بھی چیز کو خوہ وہ خیالات ہوں یااقدار ٗمعیارات خیروشر ہوں یاوحی اور چاہے خدا کا وجود غرض کسی بھی چیز کا انکار کرسکتا ہے۔اکیلی میری ذات میرا وجود ہے،جس کاہونا کسی بھی قسم کے شک وشبہے سے بالاتر ہے“ ڈیکارٹ کے نزدیک واحد سچ: ”میں سوچتا ہوں ٗاس لئے میں ہوں۔“ یعنی میں اپنے اس دنیا میں ہونے کا جواز اپنے اندر رکھتا ہوں ۔میرا وجود کسی خارجی ذریعے ،حقیقت مطلق یا خالق کائنات کا مرہون منت نہیں ۔ ڈیکارٹ کے مطابق میری عقل کی استطاعت نہیں کہ میں اپنے وجود کے سوا کسی بھی دوسری ذات کے وجود کا ماورائے شک جواز پیش کرسکوں ۔اس طرح ڈیکارٹ نے ایک ایسی علمیت (جہالت ) کی بنیاد رکھی جو کہ حتمی مابعد الطبیعات (وحی )سے ماورا تھی اور وہ شک پر قائم تھی ۔تاریخی طور پر ڈیکارٹ کے پیش کردہ تصور انسانی یا تصور ذات کوبعد کے مفکرین نے آگے بڑھایا ۔ مغرب مذہب اور خدا کو کس طرح خیر باد کہہ چکا ہے اس کا اظہار ڈنمارک کے بدبخت شاتم ِرسول ”فلیمنگ روز“نے ان الفاظ میں کیا: ”ہم میں اور مسلمانوں میں فکری اور ثقافتی یا تہذیبی طورپرفرق یہ ہے کہ ہم نے تو خدا،رسول اور کتاب کاحوالہ اپنے ذہنوں سے اتار دیا ہے ،ہم کوئی فیصلہ کرتے وقت یہ نہیں دیکھتے کہ بائبل میں کیا لکھا ہے ؟کوئی قانون طے کرتے وقت یہ نہیں دیکھتے کہ خدا کیا کہتا ہے ؟کوئی بات کہتے وقت عیسیٰ کا حوالہ نہیں دیتے کہ اس بارے میں انہوں نے کیا کہاتھا،ہم آزاد ذہن سے فیصلہ کرتے ہیں۔“ مغربی مفکرین کے مطابق جب انسان ہی کائنات کا محور ومرکز ہے اوروہ اشیاء کی حقیقتوں کو بغیر کسی خارجی علم کی مدد کے خود پہچان سکتا ہے اور اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لذات (Happiness) کا حصول ہے ۔مگر لذات سے بہرہ ورہونے کے لئے ”سرمایہ“بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔چنانچہ فرد کا سرمائے کی بڑھوتری برائے بڑھوتری کے عمل میں شریک ہونا لازمی امرٹھہرتا ہے اس نقطہ سے حقوق انسانی اور سرمایہ داری کے تعلق واضح ہوتی ہے۔ تاریخ ظاہر کرتی ہے کہ سرمایہ دارانہ معاشرے بدترین سطح کی حدتک حریص اور حاسد ہوتے ہیں ۔ سرمائے کے حصول کے لئے اخلاقی اور معاشرتی قدر یں کوئی معنیٰ نہیں رکھتیں ۔حرص اور حسد دیگر کئی اخلاقی بیماریوں اور کمزوریوں کا مجموعہ ہیں۔حریص اور حاسد فردخود غرض ،سفاک ،قاتل ،انتہائی درجے کا فریبی اور مکار ہوسکتاہے!!جو شخص خود کو ”آزاد“ خیال کرتا ہو یعنی اللہ تعالیٰ کی نگہبانی میں اور عبدیت میں رہنے کے لئے تیار نہ ہو ،وہ دراصل نفس وشیطان کا بندہ ہوتاہے ان معنیٰ میں انسان شیطانیت کے مساوی ہے۔یہی ہیومن رائٹس (حقوق انسانی) کا علمیاتی پس منظر ہے ۔ ہیومن رائٹس سرمایہ دارنہ ریاست درجہ ذیل حقوق انسانی فراہم کرتی ہے تاکہ سرمایہ دارنہ ریاست قائم رہے : آزادی حیات اس سے مراد یہ ہے کہ ہر شہری (human) کا یہ حق اور فرض ہے اور وہ اس میں آزاد اور مجبور ہے کہ اپنی زندگی سرمایہ کی بڑھوتری میں کھپا دے مگرجوشخص اپنی زندگی کو سرمایہ کی بڑھوتری کے عمل میں نہیں کھپاتا وہ انسان نہیں ہے لہذا وہ مجبور کیا جائے گاکہ اپنی زندگی سرمایہ کی بڑھوتری میں کھپا دے۔
اسی اصول کے تحت ۲کروڑ ریڈ انڈینزRed Indians) ) کو امریکیوں نےسولہویں سے انیسویں صدی تک قتل کیا اور مشہور لبرل فلسفی جان لاک(John Locke ) نے اس قتلِ عام کا یہ جواز پیش کیا کہ ریڈ انڈین اور بھینسوں کا قتل عام یکساں طور پر جائز ہے کیوں کہ نہ بھینسے انسان ہیں نہ ریڈ انڈین دونوں نے امریکا کی زرخیز زمینوں پر قبضہ کرکے بڑھوتریٔ سرمایہ کے عمل کو ناممکن بنادیا ہے۔ دورِ حاضر کے مشہور امریکی سیاسی فلسفی Walzer نے افغان مجاہدین کے قتل کا یہی جواز پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ مجاہدین اسلام Human نہیں، وحشی درندے ہیں اور ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ آزادیٔ اظہارِ رائے: ہر شہری (انسان) کا یہ حق اور فرض ہے کہ وہ اس میں آزاد ہے کہ سرمایہ کی بڑھوتری کو فروغ دینے کے لیے جو تجویز دینا چاہے دے ، اگر وہ آزادی کو خیرِ مطلق تسلیم نہیں کرتا اور رائے کا اظہارِ کسی اور مقصد کے لیے کر تا ہے تواس کو یہ حق میسر نہیں کیوں کہ وہ انسان ہی نہیں لہذا وہ مجبور ہے کہ اپنی زندگی سرمایہ کی بڑھوتری میں کھپا دے۔ اور اس اصول کی بنیاد پر Locke نے اپنے کتابچہ (A Letter concerning toleration) میں کہا تھا کہ مسلمانوں کو آزادانہ اظہار رائے کا حق نہیں دینا چاہیے کیوں کہ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ابن اللہ نہیں مانتے لہٰذا مسلمان الوہیتِ انسانی کے منکر ہیں۔ اسی اصول کی بنیاد پر مجاہدینِ اسلام کی وکالت آج امریکا میں جرم گردانی جاتی ہے۔ حق ملکیت ہر سٹیزن کا یہ حق اور فرض ہے کہ وہ اس میں آزاد ہےکہ وہ اپنی املاک کوسرمایہ دارنہ نظام کے سپرد کر دے ، اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو اس پر رزق کے دروازے بند کردئیے جائیں گے اور حصولِ دولت نا ممکن بنادی جائے گی لہذا وہ مجبور ہے کہ اپنی زندگی کو سرمایہ کی بڑھوتری میں کھپا دے۔ یاد رہے کہ دولت ، بنکوں میں رکھ کر اور سٹہ کے بازار(Capital Market) ) کے ذریعے سرمایہ میں اضافہ کیا جاتا ہے مگر اسطرح ذاتی ملکیت بتدریج ختم ہو جاتی ہے اور اس طرح کارپوریٹ ملکیت (Corporate Property) ہر شخص کو سرمایہ کا غلام بنا دیتی ہے۔ سوشل حقوق لبرل سرمایہ دارانہ ریاست اصولاً یہ ہیومن رائٹس سب شہریوں کو مساویانہ طور پر فراہم کرنے کی پابند ہے۔ اور اس کا دستور اس بات کی گارنٹی دیتا ہے کہ ہر شہری مساویانہ طور پر ان حقوق اور فرائض کا مکلف ہے ۔ اسی چیز کو Rule of Law کہتے ہیں جو کہ حقیقت میں Rule of Law of Capital ہے کیونکہ اس طرح سرمایہ دارانہ نظام کا نفاذ ہوتا ہے ۔ لیکن ایک سرمایہ دارانہ معاشرت میں تقسیمِ وسائل لازماً غیر مساویانہ ہوتی ہے۔ کچھ دولت مند ہوتے ہیں کچھ مفلس، کچھ عہدہ دار ہوتے ہیں کچھ ماتحت۔ کچھ باصلاحیت ہوتے ہیں کچھ ناخواندہ وغیرہ اور سرمایہ کی گردش کا عمل لازماً ارتکاز سرمایہ Accumulation of Capital) کا عمل ہے یعنی سرمایہ بہت سی جگہوں اور ملکیتوں سے کھنچ کھنچ کر مستقلاً چند مقامات اور چند کارپوریشنوںCorporations کے زیرِ تسلط جمع ہوتا رہتاہے۔ جیسے جیسے سرمایہ دارانہ نظام فروغ پاتا ہے، عملی نامساویت Inequality بڑھتی جاتی ہے۔ اور Human Rights اصولاً موجود اور عملاً ناقابلِ حصول بنتے چلے جاتے ہیں۔ ایک بے روزگار شخص سرمایہ کی بڑھوتری کے لیے اپنی جان کھپانے کا کتنا ہی متمنی کیوں نہ ہو وہ یہ نہیں کرسکتا اور جیسے جیسے سرمایہ دارانہ نظام فروغ پاتا ہے ویسے ویسے بے روزگاروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ ایک عام آدمی اپنی رائے کا اظہار کیسے کرے؟ جب کہ عالمی میڈیا پر صرف تیس کمپنیوں کا تسلط مستحکم سے مستحکم ترہوتا جارہا ہے اور عوامی رائے سازی کمپنیاں ہی کرتی ہیں۔ ذاتی ملکیت کا وجود کیسے قائم رہ سکتا ہے جب کہ تمام کی تمام دولت سود کے بازار (Money Market) اورسٹہ کے بازار (Capital Market) کے زیرِ تصرف آگئی ہے۔ ان حالات میں ہیومن رائٹس حقوق عملاً معاشرتی طور پر ایک افسانوی حیثیت اختیار کرگئے ہیں۔
تاریخی طورپر دیکھاجائے تو ۱۷۷۶ء میں امریکہ کا اعلانِ آزادی سامنے آیا۔۱۷۸۸ ء میں امریکی دستور مرتب ہوا۔امریکی دستور کا ماخذ فیڈرلسٹ پیپزز ہیں۔فیڈرلسٹ پیپرز وہ مضامین تھے جو دستور کی حمایت میں امریکہ کے پہلے وزیر خزانہ الیگز ینڈر ہملٹن ،امریکہ کے پہلے چیف جسٹس جان جے اور امریکی صدرجیمس میڈسن نے امریکی اخباروں میں لکھے تھے ۔یہ تمام مضامین مغرب کے ملحد مفکرین کے تصوراتِ انسان ہی کی روشنی میں لکھے گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے ذریعہ تمام ممبر ممالک کو اس بات کا پابند کیا گیا کہ وہ ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) کے اس منثور کو عالمی اور ناقابل چیلنج قانون تسلیم کرتے ہوئے اس پر دستخظ کریں ۔وہ پابند ہوتے ہیں کہ اپنے ممالک کے دستور وقانون کو انسانی حقوق کے چارٹر سے ہٹ کرعمل میں نہیں لائیں گے ۔ ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) کے نفاذ کے لئے استعماری جبر یواین ڈی پی کی ہیومن ڈیولپمنٹ رپورٹ 2000ء میں ہیومن رائٹس کے فروغ کے لئے تین اہم خطوط متعین کئے گئے ۔UNDP کی رپورٹ میں جن ترجیحات کا تعین کیا گیا وہ حسبِ ذیل تھیں: تیسری دنیا کے ممالک بین الاقوامی قوانین کی ملکی قوانین پر بالادستی تسلیم کرلیں جو ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) سے متعلق سول لبرٹیز کوعالمی سطح پر نافذ کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں۔ قومی ریاستوں کا دستوری ڈھانچہ ان بین الاقوامی قوانین اور عدالتی تنظیموں کے ماتحت کردیا جائے ،جو سرمایہ دارانہ نظام کی عالمگیریت کے تحفظ کے لئے وضع کیے گئے ہیں ۔ معاشرتی سطح پر اغراض کی بنیاد پر ایسی گروہ بندیاں قائم کی جائیں جو حقوق کی سیاست کو فروغ دیں اور قومی ریاستوں کے عالمی سرمایہ کے ماتحت ہوجانے کے عمل کی تائید کریں اور اس کا جواز عوامی سطح پر پیش کریں ۔ اسی رپورٹ کے آغاز میں اس وقت کے یواین او کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے اپنی خواہش ظاہر کی کہ جو ملک بھی ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) کے ماورا قانون سازی کرے اس کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوجی کاروائی کرے ۔کوفی عنان نے لکھا تھا : ”کسی حکومت کو حق نہیں کہ وہ قومی خود مختاری کو آڑ بنا کر ہیومن رائٹس سے نکار کرے ۔سوڈان اور افغانستان کے مظوم عوام کا حق یہ ہے کہ ہم ان پر ہونے والے ظلم کو ختم کریں اور ان ممالک کو ترقی کی راہ پر لائیں ۔ہم ان ممالک میں فوجی مداخلت کریں کیوں کہ یہ مداخلت ہیومن رائٹس کے عالمگیر طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق ہوگی ۔“ مندرجہ بالا تصریحات کے بعد آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہیومن رائٹس (انسانی حقوق ) کا منشور عالمی سطح پر تسلیم شدہ واحد ”حق“ ہے ،جسے تسلیم کیا جانا اور ریاستی معاملات کو انسانی حقوق کے مطابق استوار کرنا لازم ہے ۔جو ریاستیں ہیومن رائٹس کے طے شدہ منشور کے علی الرغم ”حق“ کو رائج کرنے کی کوشش کریں ان پر فوج کشی ضروری ہے۔ مثلاً افغانستان میں طالبان عالی شان نے شریعت اسلامیہ کا نفاذ کیا اور افغانستان کو امارت اسلامی قرار دیا تو امریکہ نے نیٹو افواج کے ہمراہ افغانستان پر حملہ کردیا۔تب بش نے کہاتھا کہ وہ افغانستان کے باشندوں کو آزادی دلانے اور جمہوریت رائج کرنے آیا ہے ۔یہ آزادی وہی تھی جس کا دعویٰ ہیومن رائٹس میں کیا گیا ہے اور جمہوریت کو شریعت کے متبادل جگہ دی گئی ہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور یواین ڈی پی کا کردار منشور انسانی حقوق کی اہمیت کا اندازہ اس سے بھی کیا جاسکتا ہے کہ استعماری ریاستوں کی سرپرستی میں سینکڑوں این جی او ز دنیا کے مختلف خطوں اورممالک میں کام کرتی ہیں اور قومی معاشروں میں اس بات کا جائزہ لیتی ہیں کہ حکومتیں ،ریاستی ادارے ،سیاسی جماعتیں ہیومن رائٹس کی پاس داری کررہی ہیں کہ نہیں؟ یہ غیر ریاستی تنظیمیں منشور ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی پر رپورٹیں شائع کرتی ہیں ،احتجاجی مظاہرے ترتیب دیتی ہیں،مختلف ذرائع سے حکومتوں پر دباؤ ڈالتی ہیں تاکہ منشور ہیومن رائٹس کی مکمل پاس داری ہوسکے ۔ان تنظیموں کے طریق کار،اہداف ،حکمت عملی سے یہ بات بخوبی سمجھی جاسکتی ہے کہ ان کا کوئی تعلق معاشرتی وحدت،مذہب کی بالادستی ،شرعی قوانین کی پاس داری سے نہیں ہوتا ۔بلکہ یہ مذہبی معاشرے کے انہدام اور سرمایہ داری کو مستحکم کرنے کا سبب ہوتی ہیں۔ یہ تنظیمیں انصاف کی فراہمی کو ایشو بناتی ہیں تو عمومی طورپر ایسے زنا کار جوڑوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جو اپنے مذہب ،والدین اور معاشرے سے بغاوت کرکے سرمایہ داری کی محافظ عدالتوں کا رخ کرتے ہیں۔مذہب دشمنی ان کی سرشت میں ہوتی ہے ۔یہ این جی او ز جب غیر اسلامی فرقوں کے تحفظ کی بات کرتی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مسلم معاشروں میں ارتداد کی کھلی اجازت ہونی چاہئے۔ کوئی مسلمان قادیانی ہونا چاہے یا عیسائی یا لبرل بننا چاہے تو اس میں مذہب کو مزاحم نہیں ہونا چاہئے ۔
حقوق العباد اور ہیومن رائٹس میں چند بنیادی فرق حقوق العباد اور (Human Rights) میں متعدد بنیادی فرق ہیں، جن میں سے چند حسبِ ذیل ہیں: (١) ہیومن اِزم (Humanism) کسی کو خالق نہیں مانتا، نہ انسان کو اللہ تعالی کی مخلوق تسلیم کرتا ہے۔ جبکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اللہ تعالی اس کائنات کا واحد خالق ومالک ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اور تمام انسان اللہ کے بندے اور مخلوق ہیں۔ (٢) Human Rights کے مطابق انسان آزاد ہے، وہ کسی خدا کا محتاج اور پابند نہیں۔ جبکہ اسلامی تعلیمات اور حقوق العباد کے مطابق انسان اللہ کا بندہ، محتاج اور پابند ہے۔ (٣) Human Rightsکے مطابق انسان کو یہ حقوق خودبخود حاصل ہیں، اُسے کسی نے نہیں دیے، اور نہ انہیں اس سے کوئی چھین سکتا ہے۔ جبکہ دینِ اسلام میں فرائض اور ذمّہ داری کی بڑی اہمیت ہے، اور ہر ذمّہ داری کسی دوسرے کا حق ہے، لہذا حقوق العباد اَحکام ِ شریعت کا اہم حصّہ ہیں، اور ان کی ادائیگی ہر مسلمان پر فرض ولازم ہے۔ (٤) Human Rights کی اصطلاح سب سے پہلے 1629ء میں استعمال کی گئی۔ جبکہ دینِ اسلام تقریباً ساڑھے چودہ سو سال پہلے،حقوق العباد کو بڑی تفصیل اور گہرائی سے بیان کر چکا۔ (٥) Human Rights لادِین نظام کو مُعاشرے پر نافذ کرتا ہے۔ جبکہ حقوق العباد اسلامی تعلیمات کو مُعاشرے پر نافذ کرتے ہیں۔ (٦) Human Rights سے متعلق مغربی ممالک (Western Countries) کا پیش کردہ تصوُر اور قوانین انتہائی ناقص، فرسُودہ، غیرمَربوط، خودساختہ اور خواہشاتِ نفس کی ترجمانی پر مبنی ہیں۔ جبکہ دينِِ اسلام میں بیان کیے گئے حقوق العباد، تمام تر شعبہ ہائے زندگی کا اِحاطہ کرتے ہیں، نیز اُن کا منبع ومصدر (Source) قرآن وسنّت اور ارادۂ خداوندی ہے۔ حقوق العباد اور Human Rightsمیں پائے جانے والے اس بنیادی فرق کو سمجھنے کے لیے دو واضح امسال: 1۔ہم جنس پرستی (Homosexuality)، اور ٹرانس جینڈرز (Transgenders)کا قانونی تحفظ: اگر ایک دُستوری جُمہوری ریاست کے دو2 مرد آپس میں میاں بیوی بن کر رہنا چاہیں، تو کیا انہیں ایسا کرنے کا "حق" ہے یا نہیں؟ اگر اس سوال کا جواب کسی مسلمان عالمِ دین سے پوچھا جائے تو اُس کا جواب یہ ہوگا کہ "قرآن وسنّت میں اس کی ممانعت ہے، لہٰذا کسی بھی فرد کو ایسا کرنے کا "حق" حاصل نہیں ہے"۔ جبکہ اس کے بَرعکس وہ شخص جو ہیومن اِزم (Humanism) پر یقین رکھتا ہے، اور Human Rights کو اعلیٰ ترین قانون مانتا ہے، اس کا جواب اور مَوقِف یہ ہوگا کہ "ہر شخص کا یہ بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی خوشی کا سامان اپنی مرضی کے مطابق جیسے چاہے مہیا کرلے، لہٰذا اگر دو2 مرد آپس میں شادی کرکے اپنی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں ایسا کرنے کا پورا حق حاصل ہے"۔ یہی وہ دلیل ہے جس کی بنیاد پر مغربی دنیا میں ہم جنس پرستی (Homosexuality)، باہم رضا مندی سے زِنا اور لڑکوں کے ساتھ بدفعلی وغیرہ کو قانونی جواز فراہم کیا گیا ہے، جبکہ قانونِ فطرت اور اَحکامِ خداوندی کو یکسر فراموش ونظر انداز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اقوامِ متحدہ سب سے زیادہ متحرک ہے، اُس نے اپنی ایل جی بی ٹی (LGBT) کی ویب سائٹ (website) پر ہم جنس پرستی (Homosexuality)، اور ٹرانس جینڈرز (Transgenders)کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی پرزور وکالت کی ہے۔ 2۔آزادئ اظہارِ رائے کی آڑ میں توہینِ مذہب کا مذموم سلسلہ: اقوامِ متحدہ کے عالَمی منشور برائے انسانی حقوق (Human Rights) کا سیکشن اُنیس (Section 19) آزادئ اظہار رائے سے متعلق ہے، اس سیکشن میں مذکور ہے کہ "ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے، اور اظہارِ رائے کی آزادی کا حق حاصل ہے"۔ "آزادئ اظہارِ رائے" کے حق کی وجہ سے دینی مقدّسات کی بےادبی اور توہین کی جاتی ہے۔ اور اسی کو سرمایہ دارانہ ریاستوں میں قانونی تحفظ حاصل ہے۔
خلاصہ ہیومن رائٹس کا چارٹر اور اس کے پس منظر میں کارفرما پورا فلسفئہ مغرب کسی خیر کا منبع نہیں بلکہ شروفساد کا محور ہے۔کیونکہ ہیومن رائٹس : کتاب اللہ کا ردہیں۔ ربوبیت کا انکار ہیں۔ سرمایہ داری کو مستحکم کرنے کی بنیادی ہیں۔ انسان کو خدابنانے کی کوشش ہیں۔ جن معاشروں میں ہیومن رائٹس کو پریکٹس کیا جاتا ہے تو ہم دیکھتے ہیں کہ وہ معاشرے حریص وحاسد ،سفاکی کی حد تک خود غرض ،شہوت پرست،قاتل اورغاصب ہوجاتے ہیں۔ہرفرد محض اپنی ذات میں سمٹ جاتا ہے اور خاندان ختم ہو جاتا ہے۔ لہذا فلسفہ ہیومن رائٹس اور ہیومن رائتس کے عالمی چارٹر کو بالکلیہ رد کردینا ہمارے ایمان کا عملی تقاضا ہے۔ہمارے دینی تحریکات کے کارکنان کے لئے لازم ہے کہ فلسفئہ ہیومن رائٹس سے کلی برأت کا اعلان کریں۔ افسوس اس بات کا ہے کہ آج بیشتر اسلامی جماعتیں سرمایہ دارانہ عدل کے قیام کی جدوجہد کا اسلامی جواز پیش کرتی ہیں اورHuman اور Social حقوق کی وکیل بن گئیں ہیں اور مساوات اور آزادی اور ترقی کو مقاصدِ شریعت کے طور پر قبول کرلیا ہے۔ اس بات کا کوئی احساس نہیں کہ سرمایہ دارانہ عدل کا قیام (جو کہ اصولاً اور عملاً ناممکن ہے) کی جدوجہد سرمایہ دارانہ شخصیت معاشرت اور ریاست کی جدوجہد کے قیام کا حصہ ہے اور آزادی، مساوات اور ترقی کو صراحتا بحیثیت اہداف کے رد کیے بغیر موجودہ حالات میں نہ تحفظ دین ممکن ہے نہ غلبہ دین۔ سرمایہ دارانہ عقائد، آزادی، مساوات اور ترقی کی اسلام کاری ایک ایسی Revisionist تحر یک ہے جس سے اسلامی جماعتوں کو عالمی سرمایہ کا حلیف اور ایجنٹ بن جایئں گے۔