کتب خانہLibrary

سرمایہ داری عقائد

رسالہاردوکتب و مضامین
حصہ ۱

سرمایہ داری کے عقائد –آزادی نظام زندگی اس ساختی (structural)تشکیل کو کہتے ہیں جو ایک خاص منفرد تصورحیاتُ، انفرادیت ،معاشرت اور ریاست پر نافذ کرتی ہے اس نظام کے ذریعہ ایک مخصوص روحانیت فروغ پاتی ہے جو اس نظام کے عقائد ونظریات کی غماز ہوتی ہے ۔ اسلام اور سرمایہ داری انہی معنوں میں دوجداگانہ نظام زندگی اور طرز حیات ہیں کہ وہ مخصوص انفرادیت ،معاشرت اور ریاست کو فروغ دیتی ہیں ان مخصوص اور منفرد انفرادییتوں ،معاشرتوں اور ریاستوں کی تعمیراتی بنیادیں وہ مخصوص عقائد فراہم کرتے ہیں جو وہ نظام لازماً مفروض کرتا ہے ۔یعنی جو لازماً ماورائی (metaphysical -مابعدوالطبیاتی ) ہوتے ہیں اور جن تک خرد (عقل) کی رسائی نہیں خرد سے راہ روروشن بصر ہے خرد کیا ہے ،چراغ رہ گزر ہے درون خانہ ہنگامے ہیں کیاکیا چراغ رہ گزر کو کیا خبر ہے لہذا سرمایہ دارانہ انفرادیت ،معاشرت اور ریاست کے تجزیہ سے پہلے ضروری ہے کہ ہم ان سرمادارانہ ماوارائی /مابعدوالطبیعاتی مفروضات (metaphysical presumptions -) کا جائزہ لیں جو اس کی مخصوص انفرادیت اور اجتماعیت کو جنم دیتی ہے ۔ سرمایہ داری کے بنیادی مفروضات/عقائد انسان کی آزادی ،مساوات اور ترقی ہیں جوشخص بھی آزادی مساوات اور ترقی پر ایمان لے آئے وہ ایک مفلوک الحال مزدور یا ایک بے کس ھاری ہی کیوں نہ ہو ، وہ اس نظام کے پیرو ہو گا ، اس کے برعکس سیدنا عثمان ابن عفان‏رضی اللہ عنہ اپنی دولت مندی کے باوجود سرمایہ دار نہ تھے کیوں کہ وہ آزادیمساوات اور ترقی پر ایمان نہیں لائے تھے ۔بلکہ اللہ، اس کے رسولوں ،اس کی کتابوں اور اس کے فرشتوں پر ایمان رکھتے تھے۔ آگے ہم دیکھیں گے کہ سرمایہ داری ان مابعد الطبیعاتی مفروضات ، آزادی،مساوات اور ترقی کی کیا تشریح پیش کرتی ہے اور یہی تشریحات پچھلےچھ سوسال میں اس کے نظاماتی غلبہ کا باعث رہی ہیں۔ آزادی : “آزادی کے لغوی معنی وہ صلاحیت ہے جو کسی عمل انسانی کے کرنے کے لئے ضروری ہے اور ان رکاوٹوں کی عدم موجودگی جو اس عمل کے کرنے کوناممکن بناتی ہو” -جانور حرکت کرنے کے لئے آزاد لیکن نا معنی مواصلات(communication) کرنے سے مجبور ہیں ۔آزادی ایک صلاحیت ہے جیسے کہ سانس لینے کی صلاحیت، اگر انسان کو آزادی کی صلاحیت ودعیت نہ کی گئی ہوتی توہ خیر وشر میں تمیز کرنے سے قاصر رہتا ،لیکن نہ تو سانس لینے کی صلاحیت اورنہ ہی آزادی کی صلاحیت میں مستقل اضافہ ایک مسلمان کا مقصد حیات ہوسکتا ہے ۔ایک مسلمان آزادی پر ایمان نہیں لاتا  اور آزادی کے مستقل اضافہ کو اپنے مقصد حیات کے طورپر قبول نہیں کرتا ۔ایک مسلمان کا مقصد حیات آزادی کی اس صلاحیت کو اللہ کے احکامات کے تابع کرنا ہے اور ایک مسلمان عمل اپنی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ حصول رضائے الٰہی کے لئے انجام دیتا ہے ۔ اس ہی تابعداری نفس کو "عبادت" کہتے ہیں اور عبادت کو قرآن کریم مقصد وجود قرار دیتا ہے ۔ وَمَاخَلقتُ الجن وَالِانس اِلالیعبدون آزادی بحیثیت ایک عقیدہ کے سترھوہیں اوراٹھارویں صدی عیسوی کی ایجاد ہے اور اس کے دو تخلیق کار ہیں فرانسیسی ڈیکارٹ (Rene Descartes ) اور جرمنی ایمانویل کانٹ(Emanuel Kant)- ڈیکارٹ نے کہا"میں سوچتاہوں لہذا میں ہوں" یعنی فکر اور ادراک کی صلاحیت انسانی وجود کی بنیاد فراہم کرتی ہے ۔کانٹ نے دعوی کی اکہ انسانی ذہن کی ساخت(structure) فرد کو صحیح تصورات(concepts) مرتب کرنے کے قابل بناتی ہے جو اس  کے حواس خمسہ اطلاعات(information ) کی صورت میں اس کے ذہین کو فراہم کرتے ہیں۔چونکہ تمام انسانوں کے دماغ کی ساخت یکساں ہے لہذا صحیح تصورات اخذکرنے کی صلاحیت ہرانسان رکھتا ہے ۔کانٹ کے مفروضہ کے مطابق علم کے حصول کے لئے انسان خدا کا محتاج نہیں ۔انسانی وجود خودمختار )self-determining اور قائم بالذات (Autonomous ) ان معنوں میں ہے کہ اس کا ذہن بلا شرکت غیرے حقائق تک رسائی خود حاصل کرنے کا مکلف ہے۔

حصہ ۲

چونکہ مذہبی عقائدا ور تصورات کی تصدیق ان اطلاعات کی بنیاد پر نہیں کی جاسکتی جو حواس خمسہ فراہم کرتے ہیں لہذا بقول کانٹ وہ علمیت کے دائرہ سے خارج ہیں اور چونکہ مذہبی تصورات اور عقائد علمیت سے خارج ہیں لہذا وہ نظام زندگی اور طرز زندگی متعین کرنے والے رہنما اصول(maxims ) فراہم نہیں کرسکتے ۔بقول کانٹ جو انسان اس کے دیئے ہوئے ان مفروضات پر ایمان نہیں لاتا وہ"نابالغ " ہے اس کا وجود خود انحصاری اور خود تخلیقی نہیں ۔ہرانسان کو صرف اپنے ذہنی احکامات پر عمل کرنے کے لئے اعتماد کرنا چاہئے یہ ہی خود انحصاریت اور خود تخلیقیت ہے ۔نظام حیات اور طرز زندگی ان اصولوں کی بنیاد پر مرتب کیا جانا چاہئے جو ہرانسان معقول تصورکرے۔ کانٹ نے ڈیوڈ ہیوم(David Hume)کا تصور عقلیت قبول کیا ۔ہیوم کے مطابق عقلیت نفسانی خواہشات کی غلام ہے (reason is slave of passion )- کانٹ اس بات کو قبول کرتا ہے کہ عقلیت خواہشات نفسانی کے احکامات کو بجالانے کا ذریعہ ہے۔ جو نفوس احکام الٰہی کے تابع نہیں ہوتے ان کے فطری میدانات شہوت اور غضب کا غلام ہوتے ہیں اور کانٹ کے مطابق نظام اور طرز زندگی کو ان اصولوں کی بنیاد پر مرتب کرنا چاہئے جو ان فطری میلانات کے   اختیار کرنے کا موقع ہرفرد کو فراہم کرے ۔اس ہی طرز حیات اور نظام زندگی کو  سرمایہ داری کہتے ہیں بیسوی صدی کی ابتدا میں اکبر نے کہاتھا بھولتا جاتا ہے یورپ آسمانی باپ کو بس خداسمجھا ہے اس نے برق کو اور بھاپ کو بقول فرانسیسی فلسفی مثال فوکو(Mitchel Foucault) , یورپ کے آسمانی باب کوبھولنے کا یہ عمل یورپ میں سولہویں صدی سے شروع ہوا ۔جب"ہیومن بینگ” کی تخلیق شروع ہوئی ۔ہیومن بینگ ہرانسان نہیں بلکہ صرف وہ انفرادیت ہے جو اپنی خود انحصاری ،خودتخلیقیت اور خالق خائنات ہونے کا دعوی کرے ۔بقول جرمن پادری ہلمٹ فاسٹنر(Helmer fostner ) ہیومن بینگ انسان نہیں شیطانی وجود ہے کیونکہ یہ دعوے تو انجیل مقدس کے مطابق ابلیس نے کئے تھے ۔ ہیومن بینگ کا یہ حق ہے کہ وہ جو چاہنا چاہے اس کے حصول کی تگ ودوکرے یہ ہی حق خود ارادیت دیگر تمام ہیومن رائٹس ( human rights ) کی اساسی روح ہے۔ہرمخصوص پسند(مثلاً شراب پینا یا نہ پینا ) اس عمومی پسند (شراب پینے یا نہ پینے کے انتخاب کا حق) کے تابع ہے کوئی عمل فی نفسہ نہ خیر ہے نا شر، ہروہ عمل خیر ہے جسے کسی ہیومن بینگ نے منتخب کیا ہو اور جس کے انجام دینے سے کسی دوسرے ہیومن بینگ کا یہ ہی حق کہ وہ بھی جو عمل کرنا چاہے وہ کرسکے، مسدود نہ ہو۔یہ کانٹ کا اصول آفاقیت (principle of universal ability ) ہے اور خیر اور شر کے تعین کا واحد پیمانہ جس کی بنیاد پر قانون سرمایہ کی تحکیم (rule of the law of capital)) قائم ہے۔ اس اصول کےمطابق چوری کی خواہش کی افاقی توجیہہ بیان/ مرتب نہیں کی جاسکتی کیوں کہ یوں سرمایہ دارانہ ملکیت کا خاتمہ ہوجائے گا لیکن زنابالرضا ، اغلام بازی ،شراب نوشی کی افاقی توجیہہ مرتب کی جاسکتی ہے کیونکہ ان عوامل کی انجام دہی سے کوئی ہیومن رائٹ مسدود نہیں ہوتا۔ آزادی کے فروغ کا اصل ذریعہ سرمایہ ہے سرمایہ کو آزادی کی تجسیم (concrete form) کہتے ہیں کیونکہ اس کے استعمال کے ذریعہ آپ اپنی ہر مادی خواہش پوری سکتے ہیں۔مسجد بھی بناسکتے ہیں اور شراب خانہ بھی ۔پھرسرمایہ ایک افاقی روحانی قوت بھی ہے کیوں کہ ہر انسان کو حریص اور حاسد بنایا جاسکتا ہے (الامؤمن) ہرفرد کو سرمایہ دار بنایا جاسکتا ہے اور کسی فرد کا حاسد اور حریص بننا کسی دوسرے فرد کے حاسد اور حریص بننے میں رکاوٹ نہیں لہذا سرمایہ کی بڑھوتری اور آزادی کا فروغ ایک سکہ کے دورخ ہیں ۔آزادی سرمایہ دارانہ نظام زندگی کا بنیادی عقیدہ ہے کیونکہ سرمایہ وہ واحد تجسیم (concrete form ) ہے جو معاشرتی سطح پر آزادی حاصل کرسکتی ہے اور آزادی پر ایمان لانا یعنی ہیومن بینگ کی خود تخلیقیت اور خود ارادیت  پر ایمان لانا ہے۔سرمایہ دارانہ انفرادیت (human being)کی اساسی خصوصیت  ہے انہی معنوں میں کہاجاتا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام اور طرز زندگی کا کلمہ خبیثہ لاالہ الا انسان ہے۔

حصہ ۳

آزادی کو بحیثیت ایک قدر قبول کرنے کی اسلامی توجیہات: لبرل فکر سے متاثر مسلمان مدبرکہتے ہیں کہ "آزادی کا مطلب انسان کو انسان کی غلامی سے نکال کرخدا کی غلامی کے سپرد کرنا ہے" لیکن تاریخ سے ثابت ہے کہ آزادی کے فروغ کے ذریعہ انسان اللہ کی بندگی سے آزاد ہوکر اپنے نفس امارہ کے احکامات رزیلہ کا غلام بن جاتا ہے ۔تاریخ بتاتی ہے کہ آزادی پر ایمان لانے والے لبرل قوم پرست،اشتراکی،انارکسٹ،کبھی خدا کی غلامی اختیار نہیں کرتے ، خودارادیت خدا کے خلاف بغاوت کا دوسرا نام ہے۔ پھر خود ارادیت کے حصول کی جستجو اس نظام ہدایت کی نفی ہے جو اسلامی معاشرتی اور ریاستی تنظیم قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔اسلامی معاشرت مساویانہ (egalitarian ) نہیں درجہ بند(stratified ) ہے ۔اور سلامی معاشرت اور ریاستی نظام میں متقین کی رہنمائی اور بالادستی قبول کی گئی ہے ۔یہ متقین کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی رہنمائی کریں ۔آزادی کی تردید اس حد تک ہے کہ یہ شرع مطہرہ غلامی کے ادارہ کی ممانعت نہیں کرتی اور یہ غلامی کا پھیلاؤہی تھا جس نے دوصدیوں کے اندر اندر غیر عرب اقوام کو مسلم خاندانی نظام میں منسلک کردیا اور اسلامی تعلیمات کی عمومیت کے نتیجہ میں کنیز اور بانو تھیں مجلس میں ایسے زمانہ میں ماں جائی بہنیں ہو جیسی تقویٰ کی بنیاد پر ریاستی و معاشرتی درجہ بندی بھی اسلام کا شعائر میں شامل ہے اسلامی ریاست کا سربراہ سلطان ظل الہ ہوتا ہے- سلطان بھی تمام رعایا کی طرح اللہ کامطیع اور تابع ہوتا ہے، sovereign نہیں ہوتا - عوام , علماء اور صوفیاء کی معاشرتی قیادت کے تحت اور سلطان کی سیاسی قیادت کے تحت منظم ہوتے ہیں۔سلطان اللہ کا غلام اور مطیع ہوتا ہے اور اس کے احکامات کی توجیہہ رائے عامہ کی طابع داری پر منحصر نہٰں ہوتی بلکہ ان احکام کی توجہیہ احکام خداوندی کی پابند ی پر منحصر ہوتی ہے ۔ دورحاضر میں آزادی اللہ سے بغاوت اور انسان کی خودانحصاریت اور خود تخلیقیت کا اعلان ہے ۔اسلامی انقلاب کا اولین مقصد اس بغاوت کو ہمیشہ ہمیشہ کےلئے ختم کردینا ہے ۔